Monday , June 25 2018
Home / شہر کی خبریں / قائد اپوزیشن تلنگانہ کے جاناریڈی کی دہلی طلبی

قائد اپوزیشن تلنگانہ کے جاناریڈی کی دہلی طلبی

عہدہ سے ہٹانے پر غور، کانگریس حلقوں میں چہ میگوئیاں

عہدہ سے ہٹانے پر غور، کانگریس حلقوں میں چہ میگوئیاں
حیدرآباد ۔ یکم مارچ(سیاست نیوز) مسٹر پنالہ لکشمیا کو تلنگانہ پردیش کانگریس کی صدارت سے ہٹانے کے بعد کانگریس ہائی کمان نے قائد اپوزیشن مسٹر کے جاناریڈی کو بھی دہلی طلب کرلیا۔ کانگریس ہائی کمان نے آج اچانک مسٹر پنالہ لکشمیا کو تلنگانہ پردیش کانگریس کی صدارت سے ہٹا دیا۔ اس غیرمعمولی فیصلے سے کانگریس حلقوں میں چہ میگوئیاں شروع ہوچکی ہیں ساتھ ہی مسٹر کے جاناریڈی کو دہلی طلب کرنے سے افواہوں کا بازار گرم ہوگیا ہے کیونکہ کانگریس ہائی کمان نے ورکنگ پریسیڈنٹ کی حیثیت سے خدمات انجام دینے والے کیپٹن اتم کمار ریڈی کو نیا صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نامزد کردیا ہے جو ضلع نلگنڈہ کی نمائندگی کرتے ہیں اتفاق سے بحیثیت قائد اپوزیشن خدمات انجام دینے والے مسٹر کے جاناریڈی بھی ضلع نلگنڈہ سے تعلق رکھتے ہیں۔ جاناریڈی پر ٹی آر ایس حکومت سے نرم رویہ رکھنے کا الزام ہے۔ چند دن قبل ہی انہیں قائد اپوزیشن کے عہدے سے ہٹانے کی افواہیں گردش کررہی تھی جس کا جواب دیتے ہوئے مسٹر کے جاناریڈی نے کہا تھا ان کا انداز کارکردگی دوسروں سے جداگانہ ہے۔ وہ کسی کی نقل کرنے کا کوئی ارداہ نہیں رکھتے اور نہ ہی روزانہ وہ صحافت سے رجوع ہونے میں کوئی دلچسپی رکھتے ہیں۔ کیپٹن اتم کمار ریڈی اور مسٹر کے جاناریڈی ایک ہی ضلع سے تعلق رکھتے ہیں۔ لہٰذا کانگریس ہائی کمان مسٹر کے جاناریڈی کو قائد اپوزیشن کے عہدے سے ہٹانے پر بھی سنجیدگی سے غور کررہی ہے کیونکہ دونوں کا نہ صرف ایک ضلع سے تعلق ہے بلکہ وہ ایک ہی ریڈی طبقہ سے بھی تعلق رکھتے ہیں۔ مسٹر کے جاناریڈی کو سمجھانے اور منانے کیلئے کانگریس ہائی کمان نے انہیں دہلی طلب کیا ہے۔ اگر انہیں ہٹایا جارہا ہے تو ان کی جگہ بی سی یا ایس سی طبقے کے قائد کے نام پر غور کیا جارہا ہوگا۔ کانگریس کے ذرائع نے بتایا کہ اس وقت سابق ڈپٹی اسپیکر کانگریس رکن اسمبلی مسٹر ملوبٹی وکرامارک کے نام پر بھی غور کیا جارہا ہے۔ اگر مسٹر کے جاناریڈی کو قائد اپوزیشن کے عہدے سے ہٹایا گیا تو انہیں قائد اپوزیشن بنانے کے امکانات ہیں۔ اس کے علاوہ تلنگانہ پردیش کانگریس ورکنگ پریسیڈنٹ کے عہدے کیلئے بھی ان کا نام زیرغور ہے۔

TOPPOPULARRECENT