Monday , December 11 2017
Home / دنیا / قابل لوگ لندن چھوڑ کر نہ جائیں فرانس حملے کی مذمت : صادق خان

قابل لوگ لندن چھوڑ کر نہ جائیں فرانس حملے کی مذمت : صادق خان

لندن ۔ 15 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) لندن کے میئر صادق خان نے وہاں رہنے والے غیر ملکیوں کو اپنے پیغام میں کہا ہیکہ وہ لندن چھوڑ کر مت جائیں۔ بی بی سی اردو کیساتھ ایک خصوصی انٹرویو میں لندن کے میئر صادق خان کا کہنا تھا کہ لندن ایک کثیر النسلی شہر ہے۔ یہاں مسلمان، عیسا ئی، یہودی، سکھ اور ہندو سب ہیں۔ انھوں نے کہا کہ یہ ایک متحد شہر ہے مگر بدقسمتی سے ریفرنڈم کے بعد اعداد و شمار اور لوگوں سے بات کرنے سے پتہ چلا ہیکہ نسل پرستی پر مبنی نفرت اور نسلی جرائم میں اضافہ ہوا ہے۔ صادق خان نے کہا کہ ’میں نے پولیس کمشنر سے بات کی ہے اور ہم ایسے جرائم کو برداشت نہیں کرینگے۔ اگر کسی کیساتھ ایسا واقعہ پیش آ ئے تو انھیں فوراً رپورٹ کرنا چاہیے اور جو بھی ملوث ہوا انھیں سزا ملے گی۔‘ برطانیہ کے یورپ سے نکلنے کے فیصلے کے بعد ملک میں سیاسی عدم استحکام کی فضا پیدا ہوگئی ہے اس سے لندن کے کاروبار پر بھی تو اثر پڑیگا؟ اس سوال کے جواب میں صادق خان کا کہنا تھا کہ ’لندن پھر بھی ایک عظیم شہر رہیگا اور ہم پھر بھی سب کو خوش آمدید کہیں گے۔‘ ’میں قابل لوگوں کو کہونگا کہ چھوڑ کر نہیں جائیں۔‘ انھوں نے برطانوی پرائم منسٹر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ بہت ضروری ہیکہ جب وہ یورپی یونین سے بات چیت کریں تو لندن بھی ان مذاکرات میں شامل ہو۔ کسی بھی بڑے مغربی شہر کے پہلے مسلمان میئر بننے کے بعد بعض لوگوں کے خیال میں صادق خان لیبر پارٹی کے لیڈر بھی بن سکتے ہیں۔ اس پر صادق خان نے قہقہہ لگاتے ہوئے کہا کہ انھیں ’بطور میئر کام کرنا اچھا لگ رہا ہے اور فی الحال ان کیلئے یہی بہتر ہے۔‘ صادق خان کا پسندیدہ جملہ ہے: ’مائی نیم از خان اینڈ آئی ایم دا میئر آف لندن۔‘ انہوں نے فرانس میں ہوئے حملے کی شدید مذمت کی اور کہا کہ دہشت گرد اپنے ناپاک ارادوں میں کبھی اور کہیں بھی کامیاب نہیں ہونگے۔ چاہے وہ پیرس ہو، لندن ہو یا دنیا کا کوئی بھی شہر۔ انہوں نے حکومت برطانیہ اور برطانوی عوام کی جانب سے فرانس کی عوام سے اظہاریگانگت کیا۔

TOPPOPULARRECENT