Tuesday , January 23 2018
Home / شہر کی خبریں / قاتلوں کو مقتولین سے اظہار ہمدردی کا حق نہیں

قاتلوں کو مقتولین سے اظہار ہمدردی کا حق نہیں

کسانوں کی خودکشیوں کیلئے سابق کانگریس حکومتیں ذمہ دار، کانگریس قائدین کو کے ٹی آر کا جواب

کسانوں کی خودکشیوں کیلئے سابق کانگریس حکومتیں ذمہ دار، کانگریس قائدین کو کے ٹی آر کا جواب
حیدرآباد۔/28اکٹوبر، ( سیاست نیوز) وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ نے کسانوں کے مسائل پر احتجاج کرنے والے کانگریس قائدین کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کی خودکشی کے ذمہ دار قائدین آج ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مگر مچھ کے آنسو بہارہے ہیں۔ کسانوں کی خودکشی کے واقعات پر کانگریس کی جانب سے تعزیتی جلسہ کے انعقاد کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے کے ٹی آر نے ریمارک کیا کہ کسانوں کے قاتل آج تعزیتی جلسہ منعقد کررہے ہیں۔ تلنگانہ کے مختلف علاقوں میں کانگریس قائدین کی جانب سے دھرنا اور مہلوک کسانوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کو محض ڈرامہ قرار دیتے ہوئے کے ٹی راما راؤ نے تلنگانہ کانگریس قائدین کو پانچ صفحات پر مشتمل ایک مکتوب روانہ کیا جس میں انہوں نے کانگریس دور حکومت میں کسانوں کی خودکشی کے واقعات کا حوالہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت کی غلط پالیسیوں کے سبب کسان خودکشی پر مجبور ہوئے اور زرعی اور برقی شعبہ میں موجودہ بحران کانگریس حکومت کی دین ہے۔ مکتوب کو میڈیا کے لئے جاری کرتے ہوئے کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ کسانوں کی ہمدردی میں کانگریس قائدین کی باتیں مضحکہ خیز ہیں۔ کانگریس نے اپنے دس سالہ دور حکومت میں زرعی شعبہ کو یکسر فراموش کردیا تھا۔ محبوب نگر میں کل کانگریس قائدین کے دھرنے کو محض دکھاوا اور ڈرامہ قرار دیتے ہوئے کے ٹی راما راؤ، جوپلی کرشنا راؤ اور لکشما ریڈی نے کہا کہ کانگریس نے کبھی بھی تلنگانہ میں برقی پراجکٹ کے قیام پر توجہ نہیں دی۔ یہی وجہ ہے کہ آج نئی ریاست کو برقی کی قلت کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس قائدین کو کسانوں سے ہمدردی کا کوئی اخلاقی حق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی وزیر پٹرولیم کی حیثیت سے خدمات انجام دینے والے جے پال ریڈی نے وزیر کی حیثیت سے کبھی بھی نیدنور اور شنکر پلی پراجکٹس کو گیس کی سربراہی پر توجہ نہیں دی۔انہوں نے کہا کہ نظام آباد کے آرمور میں فصلوں کی مناسب قیمت کا مطالبہ کرنے والے کسانوں پر کانگریس حکومت نے فائرنگ کی تھی۔ مرکزی حکومت کی فوڈ فار ورک اسکیم میں کئی بے قاعدگیاں کی گئیں جس کے لئے کانگریس قائدین ذمہ دار ہیں۔ کے ٹی آر نے کہا کہ کانگریس کے 40سالہ دور حکومت کی کوتاہیوں اور غلطیوں کا خمیازہ آج تلنگانہ کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔ ایسے میں صرف چار ماہ کے اندر ٹی آر ایس حکومت سے تمام مسائل کی یکسوئی کی امید کرنا سراسر زیادتی ہوگی۔

TOPPOPULARRECENT