Thursday , May 24 2018
Home / شہر کی خبریں / قانون ساز کونسل میں ٹی ار ایس کے رکن کی اچانک برہمی ،ایوان حیرت زدہ

قانون ساز کونسل میں ٹی ار ایس کے رکن کی اچانک برہمی ،ایوان حیرت زدہ

صدرنشین کے ریمارک پر راملو نائیک کی اظہار ناراضگی
حیدرآباد ۔ 16 ۔ نومبر (سیاست نیوز) ٹی آر ایس کے رکن راملو نائک نے آج قانون ساز کونسل میں اچانک برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ایوان کو حیرت میں ڈال دیا۔ انہوں نے اظہار خیال میں رکاوٹ پیدا کرنے پر ناراضگی جتاتے ہوئے ریمارک کیا کہ ہمارے ووٹس سے آپ لوگ اقتدار میں آئے ہیں۔ کیا اس حقیقت کا اظہار بھی نہ کیا جائے؟ وقفہ سوالات کے دوران گرام پنچایتوں کی ترقی کے مسئلہ پر سوال پر راملو نائک نے حکومت سے وضاحت طلب کرنے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ درج فہرست قبائل کے تانڈے گاؤں سے دور ہوتے ہیں اور یہ علاقے سیاسی قائدین کو صرف انتخابات کے موقع پر یاد آتے ہیں۔ اس مرحلہ پر صدرنشین سوامی گوڑ نے مداخلت کی اور انہیں یہ کہتے ہوئے روک دیا کہ آپ کو کیا چاہئے ، وہ سوال کریں۔ وقفہ سوالات میں وقت کی پابندی کی جانی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ آپ دو سوالات کی تکمیل کے بعد ایوان پہنچے ہیں لہذا وقت کا خیال رکھیں۔ صدرنشین کے ریمارکس پر راملو نائک برہم ہوگئے اور کہا کہ ہمارے ووٹ سے اقتدار میں آئے ہیں اور ہم کیوں یہ بات نہ کہیں۔ صرف الیکشن میں ہی درج فہرست قبائل کی یاد آتی ہے۔ اس مرحلہ پر صدرنشین نے انہیں اصل موضوع پر ضمنی سوال کرنے کی اجازت دیدی۔ اس طرح ایوان میں کشیدگی ختم ہوئی۔ راملو نائک کے رویہ پر برسر اقتدار پارٹی کے ارکان حیرت میں پڑگئے۔

TOPPOPULARRECENT