Wednesday , September 26 2018
Home / اضلاع کی خبریں / قبائیلی نوجوانوں کو پولیس میں تقررات کیلئے تربیت کا تیقن

قبائیلی نوجوانوں کو پولیس میں تقررات کیلئے تربیت کا تیقن

اوٹنور میں ’ ناگوبا یاترا ‘کیلئے بڑے پیمانے پر انتظامات، ضلع ایس پی کا بیان
عادل آباد۔/10جنوری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع عادل آباد کا قبائیلی علاقہ اوٹنورڈیویژن اندرولی منڈل کیسلا پور میں جاریہ ماہ کی 16 تاریخ سے شروع ہونے والی ’ ناگوبا یاترا ‘‘ کیلئے بڑے پیمانے پر پولیس کے انتظامات کئے جارہے ہیں۔ ضلع ایس پی مسٹر وشنو نے بتایا کہ حالیہ دو فرقوں میں تصادم کی بناء پر کسی بھی طرح کے ناگہانی واقعات پر قابو پانے کیلئے پولیس کو چوکس کردیا گیا ہے اس کے علاوہ پولیس چیک پوسٹ اور پولیس کنٹرول روم بھی قائم کیا جارہا ہے۔ ناگوبا یاترا ریاست تلنگانہ میں قبائیلی افراد کی واحد عقیدت مند جاترا تصور کی جاتی ہے جس میں شرکت کیلئے قبائیلی افراد نہ صرف ریاست کے مختلف مقامات بلکہ پڑوسی ریاست مہاراشٹرا و دیگر ریاستوں سے بھی سینکڑوں کی تعداد میں شرکت کیا کرتے ہیں۔ ضلع عادل آباد میں تیز سردی کی لہر کے پیش نظر محکمہ پولیس کی جانب سے کیسلا پور اور اس کے اطراف واکناف کے 10 مواضعات کے مرد و خواتین میں 500 بلانکٹس تقسیم کئے گئے۔ جبکہ اس موقع پر ضلع ایس پی مسٹر وشنو نے اپنے خطاب میں کہا کہ قبائیلی افراد میں پائی جانے والی بے روزگاری کو محسوس کرتے ہوئے قبائیلی نوجوانوں کو پولیس میں تقررات کرنے کی غرض سے انہیں تربیت دی جائے گی۔ اوٹنور ڈیویژن میں قبائیلی نوجوانوں کے لئے تربیتی کیمپ قائم کیا جارہا ہے۔ ریاستی ڈی جی پی مسٹر ایم مہیندرریڈی نے اپنے اوٹنور دورہ کے موقع پر قبائیلی افراد سے ملاقات کرتے ہوئے قبائیلی نوجوانوں کی کثیر تعداد کو بے روزگار قرار تصور کیا تھا۔ضلع ایس پی نے قبائیلی نوجوانوں سے خواہش کی کہ وہ اپنے متعلقہ پولیس اسٹیشنس میں اپنے نام درج کرواتے ہوئے تربیتی کیمپ میں حصہ لیں۔ گزشتہ ماہ اوٹنور ڈیویژن میں گونڈ اور لمباڑہ طبقہ میں پائی جانے والی کشیدگی کے بعد ضلع عادل آباد سے تعلق رکھنے والے پولیس عہدیداروں نے تقریباً 500 مواضعات کا دورہ کرتے ہوئے قبائیلی افراد سے بالمشافہ ملاقات کی جس پر مقامی افراد نے کشیدگی کے خاتمہ اور امن وامان کو برقرار رکھنے کی خواہش کی تھی۔ ضلع ایس پی نے بشمول اوٹنورڈیویژن کے ضلع عادل آباد کی صورتحال کو پرامن قرار دیا۔ واضح رہے کہ قبائیلی افراد میں مخصوص گونڈ طبقہ کی ناگوبا یاترا کافی اہمیت کی حامل تصور کی جاتی ہے جس کی بناء پر ضلع انتظامیہ کی جانب سے مختلف اقدامات قبائیلی افراد کی سہولت کی خاطر کئے جاتے ہیں۔ جاترا کے موقع پر ایک ’’ دربار ‘‘ کا انعقاد عمل میں لایا جاتا ہے جس میں ریاستی وزراء اور سیاسی و سماجی قائدین شرکت کرتے ہوئے قبائیلی افراد کی جانب سے پیش کی جانے والی شکایتوں کی سماعت کرتے ہوئے متعلقہ عہدیداروں کو شکایتوں کی یکسوئی کرنے کی ہدایت دی جاتی ہے۔ قبائیلی طبقہ بڑے احترام کے ساتھ نئے لباس زیب تن کئے ہوئے عقیدت مند جاترا میں شرکت کو باعث مسرت تصور کرتے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT