Wednesday , November 22 2017
Home / شہر کی خبریں / قبرستانوں میں جگہ کی مفت فراہمی مہم کی ستائش ، الحاج محمد سلیم کو مبارکباد کی پیشکشی

قبرستانوں میں جگہ کی مفت فراہمی مہم کی ستائش ، الحاج محمد سلیم کو مبارکباد کی پیشکشی

وقف بورڈ کی کارکردگی پر اظہار اطمینان ، چیف منسٹر کا اقلیتی قائدین کے اجلاس میں اظہار خیال
حیدرآباد۔17 اگست (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو اور وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ٹی راما رائو نے وقف بورڈ کی جانب سے قبرستانوں میں جگہ مفت فراہم کرنے کی مہم کی ستائش کی اور اس سلسلہ میں صدرنشین محمد سلیم کو مبارکباد پیش کی۔ اقلیتی نمائندوں کے ساتھ منعقدہ اجلاس میں چیف منسٹر نے وقف بورڈ کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا اور اوقافی جائیدادوں کے تحفظ کے لیے حکومت سے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم کے مطابق چیف منسٹر نے شہر اور مضافاتی علاقوں میں موجود اوقافی اراضیات کی تفصیلات پیش کرنے کی ہدایت دی تاکہ انہیں حکومت کی جانب سے ڈیولپ کیا جاسکے۔ چیف منسٹر نے اوقافی اراضی پر انفارمیشن ٹیکنالوجی پارک کے قیام کی تجویز پیش کی تاکہ اقلیتی طبقے سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کو فائدہ ہو۔ محمد سلیم نے بتایا کہ وہ گریٹر حیدرآباد اور رنگاریڈی کے حدود میں اوقافی اراضیات کی تفصیلات کل تک چیف منسٹر کے حوالے کردیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے تعاون کے بغیر اوقافی جائیدادوں کا تحفظ ممکن نہیں ہے۔ محکمہ مال کے ریکارڈ میں جائیدادوں کے بحیثیت اوقاف درج کیئے جانے کے لیے چیف منسٹر سے نمائندگی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کئی جائیدادیں ایسی ہیں جن کے بارے میں ریونیو ریکارڈ میں تحریف کردی گئی جبکہ وقف بورڈ میں مکمل ریکارڈ موجود ہے۔ وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ٹی رامار رائو نے تمام قبرستانوں میں مفت جگہ کی فراہمی کے اقدامات کی ستائش کی اور کہا کہ اس سے غریب مسلمانوں، متولیوں اور کمیٹیوں کی ہراسانی سے بچ جائیں گے۔ قبر کے لیے مفت جگہ کی فراہمی کی تحریک کو ملک اور بیرون ملک سے زبردست تائید حاصل ہورہی ہے۔ کے ٹی آر کو جب اس بارے میں واقف کروایا گیا تو انہوں نے محمد سلیم کی ستائش کی اور کہا کہ وقف بورڈ کی مجموعی کارکردگی اطمینان بخش ہے۔ اوقافی جائیدادوں کے تحفظ اور انہیں ترقی دینے کے لیے بورڈ کی تجاویز پر حکومت ہر ممکن مدد کرے گی۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT