Tuesday , August 21 2018
Home / شہر کی خبریں / قبرستان میں مفت تدفین کی سہولت فراہم کرنے کا تیقن

قبرستان میں مفت تدفین کی سہولت فراہم کرنے کا تیقن

گاندھی نگر اور وینکٹ رام ریڈی قبرستان میں رقم کی وصولی ، چیرمین وقف بورڈ محمد سلیم سے مقامی عوام کی شکایت
حیدرآباد ۔ 8 ۔مارچ (سیاست نیوز) صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے وینکٹ رام ریڈی نگر قطب اللہ پور سے تعلق رکھنے والے مقامی عوام کو تیقن دیا کہ مقامی قبرستان میں مفت تدفین کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ تدفین کے سلسلہ میں اگر متعلقہ ویلفیر اسوسی ایشن کی جانب سے رقم کا مطالبہ کیا گیا تو پولیس میں شکایت درج کی جائے گی۔ وینکٹ رام ریڈی نگر آئی ڈی پی ایل کالونی قطب اللہ پور کی مسجد ابو زر کے ذمہ داروں نے مقامی افراد کی کثیر تعداد کے ساتھ آج حج ہاؤز پہنچ کر صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم سے ملاقات کی ۔ انہوں نے بتایا کہ تقریباً 40 سال سے گاندھی نگر اور وینکٹ رام ریڈی نگر میں مشترکہ طور پر قبرستان قائم کیا گیا۔ انہوں نے شکایت کی کہ گاندھی نگر کی مسجد کمیٹی نے وینکٹ رام ریڈی نگر سے تعلق رکھنے والوں کی تدفین پر اعتراض کیا ہے اور ہر میت کیلئے ایک ہزار روپئے وصول کئے جارہے ہیں۔ وفد نے بتایا کہ 7 مارچ کو ایک خاتون کی تدفین کے سلسلہ میں ویلفیر اسوسی ایشن سے نمائندگی کی گئی تو جگہ فراہم کرنے سے انکار کردیا گیا ۔ پولیس نے مداخلت کی اور رات دیر گئے اس مسئلہ کی یکسوئی ہوئی۔ مقامی افراد نے وقف بورڈ سے مداخلت کرتے ہوئے قبرستان میں مفت تدفین کا انتظام کرانے کی اپیل کی۔ صدرنشین وقف بورڈ نے اس سلسلہ میں چیف اگزیکیٹیو آفیسر منان فاروقی کو جانچ کی ہدایت دی ہے۔

TOPPOPULARRECENT