Monday , February 19 2018
Home / شہر کی خبریں / قبل از وقت انتخابات کا کوئی امکان نہیں

قبل از وقت انتخابات کا کوئی امکان نہیں

تلنگانہ و آندھرا کے اسمبلی حلقوں میں بھی کوئی اضافہ نہیں ہوگا‘ ڈاکٹر لکشمن کا ادعا

حیدرآباد۔5فروری(سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ وآندھرا پردیش کے حلقہ جات اسمبلی میں عام انتخابات سے قبل کوئی اضافہ نہیں کیا جائے گا اور نہ ہی نئی حد بندی کے سلسلہ میں حکومت کی جانب سے کوئی اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔ ڈاکٹر کے لکشمن ریاستی صدر بھارتیہ جنتا پارٹی نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے غیر رسمی بات چیت کے دوران یہ دعوی کیا اور کہا کہ انتخابات سے قبل حلقہ جات اسمبلی کی تعداد میں اضافہ کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔ بتایاجاتاہے کہ ڈاکٹر کے لکشمن پارٹی کے قومی صدر سے بات چیت کے دوران آئے امور کا تذکرہ کر رہے تھے ۔انہوں نے بتایا کہ پارٹی صدر سے بات چیت کے دوران قبل ازوقت انتخابات اور تلنگانہ و آندھرا پردیش کے حلقہ جات اسمبلی کی تعداد میں اضافہ کے سلسلہ میں بھی بات چیت کی گئی لیکن ایسا کوئی منصوبہ مرکزی حکومت کے زیر غور نہیں ہے کہ آئندہ عام انتخابات سے قبل دونوں تلگو ریاستوں کی اسمبلی نشستوں میں اضافہ کیا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ نہیں سمجھتے کہ حکومت قبل از وقت عام انتخابات کے لئے بھی کوئی اقدام کرے گی ۔ ڈاکٹر لکشمن نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی آئندہ انتخابات کے دوران تنہاء مقابلہ کرے گی اور کسی بھی سیاسی جماعت سے بی جے پی کا کوئی اتحاد نہیں ہوگا۔ انہوںنے بتایا کہ ریاستی حکومت تلنگانہ وآندھرا پردیش کی جانب سے مرکزی حکومت کو نمائندگی کرتے ہوئے حلقہ جات اسمبلی میں اضافہ کا مطالبہ کیا تھا لیکن مرکزی حکومت کی جانب سے ابھی تک اس مسئلہ پر کوئی غور نہیں کیا جا رہا ہے ۔ بتایا جاتاہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی اعلی قیادت نے ریاستی قائدین سے ملاقات کے دوران استفسار کیا کہ اگر دونوں ریاستوں کے حلقہ جات اسمبلی میں اضافہ کیا جاتا ہے تو ایسے میں پارٹی کو کیا فائدہ حاصل ہوگا؟ پارٹی قائدین سے مشاور ت کے دوران بی جے پی قومی صدر امیت شاہ نے واضح کردیا ہے کہ آئندہ عام انتخابات سے قبل نشستوں میں کوئی اضافہ نہیں کیا جائے گا اور نہ ہی قبل از وقت انتخابات کا کوئی امکان بھی نہیں ہے اسی لئے پارٹی اپنے موقف کو مستحکم کرنے پر توجہ مرکوز کرے گی اور علاقہ واری اساس پر پارٹی کو متحرک کیا جائے گا۔

TOPPOPULARRECENT