Wednesday , May 23 2018
Home / Top Stories / قرآنی آیتوں پر مشتمل کیلی گرافی انسانیت کی فلاح و بہبود کی عکاس

قرآنی آیتوں پر مشتمل کیلی گرافی انسانیت کی فلاح و بہبود کی عکاس

خالد المعینہ ڈائرکٹر عبیر میڈیکل گروپ جدہ کا خطاب ، جناب ظہیر الدین علی خاں کی شرکت
جدہ ۔ 17 ۔ مئی : ( پریس نوٹ ) : رمضان المبارک کے پر مسرت موقع پر جب کہ قرآن مجید کا نزول ہوا اور مسلمانوں پر اللہ پاک کا احسان عظیم رہا ، ایسے وقت جدہ سعودی عرب کے مقام باوادی میں قرآنی آیتوں اور اسلامی تاریخ کے سنہرے دور کی عکاسی کرتی ہوئی خطاطی نمائش کا افتتاح عمل میں آیا ۔ جو اسلامی آرٹ گیلری میں عبیر میڈیکل سنٹر کے زیر اہتمام منعقد کیا گیا ۔ اسلام جو ایک پرامن اور حقوق العباد پر مائل کرنے والا دین ہے اس کے احکام بھی انسانی بقاء ، فروغ اور صبر و تحمل کے مظہر ہیں جو انسانیت کی رہنمائی کے لیے مشعل راہ ثابت ہوئے ۔ اس ضمن میں قرآنی آیات پر کیلی گرافی اور پینٹنگ کی نمائش اسی نظریہ کو فروغ دینے میں راہ نما بنی ہیں ۔ اسلامی آرٹ گیلری کا آغاز خالد المعینہ ڈائرکٹر عبیر میڈیکل گروپ نے کیا اور کہا کہ رمضان کے مقدس مہینہ میں روح کو تر و تازہ اور طاقت پہنچانے کے لیے اس طرح کی نمائش ناگزیر ہے جس سے ذہن کو سکون ملتا ہے اور انسان ، انسانیت کی خدمت ، فلاح و بہبود کے لیے خود کو وقف کرتا ہے ۔ اللہ کی عبادت کے ساتھ دنیا میں امن ، بھائی چارگی اور سکون کی فکر اور جدوجہد کرنا یہی قرآن کا پیغام ہے ۔ قرآنی آیتوں پر مشتمل قوس و قزح کے رنگوں سے منور ، روح پرور نظاروں سے بھر پور اس نمائش کے انعقاد میں جناب ظہیر الدین علی خاں منیجنگ ایڈیٹر روزنامہ سیاست حیدرآباد کا مکمل تعاون رہا جس کے لیے عبیر میڈیکل گروپ کے بزنس ڈیولپمنٹ منیجر جناب عبدالرحمان نے تشکر کا اظہار کیا اور بتایا کہ ظہیر الدین علی خاں صاحب نے کیلی گرافی کے ایک نئے زاویہ کو روشناس کرایا ہے جو نہ صرف دلکش ہے بلکہ دل و دماغ کو راحت پہنچاتا ہے ۔ جناب ظہیر الدین علی خاں کیلی گرافی کا خاص ذوق رکھتے ہیں اور انہوں نے مختلف خطاط اور آرٹسٹوں کو قرآنی خطاطی اور آرٹ کی طرف راغب کیا ، ہزاروں طغرے اور پینٹنگس بنوائے اور ایک نادر و نایاب ذخیرہ کیا ہے ۔ اس روحانی کیلی گرافی نمائش میں جناب احمد الونگل ، ایگزیکٹیو ڈائرکٹر ، جناب جلیل الونگل اور جناب غضنفر علی ذکی سینئیر پی آر او عبیر میڈیکل گروپ باوادی جدہ بھی شریک رہے ۔۔

TOPPOPULARRECENT