Sunday , November 19 2017
Home / شہر کی خبریں / قرآنی تعلیمات کے ذریعہ ہر شعبہ حیات کے مسائل کو حل کرنے کا مشورہ

قرآنی تعلیمات کے ذریعہ ہر شعبہ حیات کے مسائل کو حل کرنے کا مشورہ

وقت کی اہمیت و منصوبہ پر ہی کامیابی ، اسلامک بینکنگ کے طلبہ کے سہل تجارت گروپ سے جناب عامر علی خاں کا خطاب
حیدرآباد ۔ 6 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : وقت کی اہمیت اور منصوبہ بندی کسی بھی مقصد میں کامیابی کے لیے ضروری ہے اور بہترین منصوبہ بندی اور حکمت عملی سوائے قرآن و حدیث کے کسی اور میں نہیں ۔ ان خیالات کا اظہار جناب عامر علی خاں نیوز ایڈیٹر روزنامہ سیاست نے کیا ۔ انہوں نے آج یہاں انسٹی ٹیوٹ آف اسلامک بینکنگ کے طلبہ اور ذمہ داروں کی جانب سے شروع کردہ ’ سہل تجارت گروپ ‘ کے اجلاس کو مخاطب کیا ۔ سود کی لعنت سے پاک تجارت کو عام کرنے کے لیے اس پہل کا آغاز حیدرآباد میں کیا گیا ہے ۔ اس پروگرام میں بہ حیثیت مہمان خصوصی شرکت کرتے ہوئے جناب عامر علی خاں نے طلبہ کو مشورہ دیا کہ وہ تجارتی مسائل کے حل ہوں یا پھر زندگی کے کسی بھی شعبہ کے مسائل ہوں اس کا حل قرآنی تعلیمات میں تلاش کریں ۔ انہوں نے کہا کہ بغیر قرآنی تعلیمات تیار کی گئی حکمت عملی فائدہ مند ثابت نہیں ہوگی ۔ جناب عامر علی خاں نے کہا کہ وہ با صلاحیت نوجوانوں کی تلاش میں ہیں جو قوم کے لیے کچھ کرنے کا جذبہ رکھتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں میں جلد بازی اور فوری نتائج کا رجحان ہے ۔ اس سونچ کو بدلنا ہوگا ۔ چونکہ ہم سونچتے بعد میں ہیں اور پہلے کر گزرتے ہیں ۔ جو ہمارے لیے کسی بھی قسم کا فائدہ مند نہیں ہوتا ۔ انہوں نے اسلامی غزوہ میں قندقوں کی کھدوائی اور جنگی حکمت عملی کی مثالیں پیش کیں اور بتایا کہ قندقوں کی کھدوائی حکمت عملی تھی اور پیش رفت منصوبہ بندی کا نتیجہ تھا ۔ جس کے سبب کامیابی حاصل ہوئی ۔ ایسی مثالیں ہماری زندگیوں کو بدلنے دنیا اور آخرت کو سنوارنے کے لیے بہت کافی ہیں ۔ نیوز ایڈیٹر سیاست نے کہا کہ مسلمانوں کو چاہئے کہ وہ دنیا کے ہر مقصد کے لیے اللہ رب العزت کی مدد کو شامل حال رکھیں چونکہ بغیر اللہ کی مدد کے کامیابی ناممکن ہے ۔ انہوں نے پیارے نبی ؐ کی تعلیمات کو عام کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور سہل تجارت گروپ کی کاوشوں کی ستائش کی اور کہا کہ آج دنیا کا معاشی نظام سود کی لعنت سے تباہی کے دہانے پر ہے ۔ یہ ایک ایسا وقت ہے جس کی مدد سے ہم انسانیت کو بچانے کے ساتھ ساتھ ہمارے پیارے نبی کریم ﷺ کی تعلیمات کو عام کرتے ہوئے اللہ کی خوشنودی حاصل کرسکتے ہیں ۔ انہوں نے بہترین حکمت عملی کے ذریعہ چھوٹے تاجروں کی نشاندہی کرنے کا اور ضرورت پڑنے پر خدمت بینک سے مدد لینے کا سہل تجارت گروپ کو مشورہ دیا ۔ اس موقع پر جناب عاصم فاروقی نے سہل تجارت گروپ کے قیام اور اس کے مقاصد کو پیش کرتے ہوئے کہا کہ اسلامک حدود میں آسان طریقہ تجارت جو کہ سود سے پاک ہو اس مقصد کے لیے سہل تجارت گروپ کا آغاز کیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ اسلامک بینکنگ کے ایک مشن کو ایک انسٹی ٹیوٹ حیدرآباد میں خدمات انجام دینا چاہتا تھا ۔ تاہم روزنامہ سیاست نے ہمارے مقصد کو سمجھا اور ہمیں تعاون پیش کرتے ہوئے خدمات انجام دینے کا موقع فراہم کرتے ہوئے سرپرستی کی ۔ اور آج اس اسلامک بینکنگ انسٹی ٹیوٹ کے طلبہ کا ایک گروپ سہل تجارت گروپ ہے ۔ جناب شریف اور جناب عاصم فاروقی نے نیوز ایڈیٹر سیاست جناب عامر علی خاں کی ہمت افزائی اور حوصلہ افزائی کی ستائش کی اور کہا کہ روزنامہ سیاست کی ہمت افزائی کی بدولت ایک طلبہ کا گروپ تجارتی گروپ کی شکل اختیار کر گیا ہے ۔ اس اجلاس کو جناب اعظم ، جناب الیاس ، جناب حفظ اللہ شریف و دیگر نے بھی مخاطب کرتے ہوئے اپنے خیالات اور مشورے دیئے ۔ پروگرام کی نظامت شہنواز نے انجام دی جب کہ جناب عبداللہ السقاف کی تلاوت کلام پاک سے پروگرام کا آغاز ہوا ۔ بعد ازاں جناب عاصم فاروقی نے سہل تجارت گروپ کے بورڈ آف ڈائرکٹرس کا اعلان کیا جن میں شریف صاحب ، عاصم فاروقی ، محمد اعظم ، صداقت حسین ، عبداللہ السقاف ، محمد شہنواز اور محمد نوید شامل ہیں ۔اس موقع پر دیگر افراد موجود تھے ۔۔

TOPPOPULARRECENT