Monday , November 20 2017
Home / اضلاع کی خبریں / قرآن و حدیث ہی اسلام کا دستور و قانون

قرآن و حدیث ہی اسلام کا دستور و قانون

کرنول7 ؍ اپریل ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ’’دین بچاو دستوربچاؤ تحریک ‘‘ کے زیر اہتمام سرپرست مولانا سید سلیمان ندویؔ کی نگرانی میں مسجد رسالدار میں پریس کانفرنس منعقد کی گئی ۔ اس موقع پر ’’دین بچاؤ دستور بچاو ٔتحریک ‘‘ کے کنوینر مولانا سید ذاکر احمد رشادی نے کہا کہ اللہ کی کتاب قرآن مجید اور اللہ کے رسولﷺ کی حدیث ہی اسلام کا دستور و قانون ہے۔ انہوں نے کہاکہ اسی دستور و قانون کے مطابق مسلمان زندگی بسرکرتا ہے ، تمام شعبہ زندگی میں مسلمان اس کواپناتا ہے ، انفرادی و ازدواجی زندگی میں بھی مسلمان کو ضرور اس پرعمل کرناچاہئے ، مولانا نے کہا کہ ان کوعربی زبان میں قوانین شخصیہ کہتے ہیں ، اردو زبان میں عائلی کہتے ہیں جبکہ انگریزی میں پرسنل لاء اور فیملی لاء کہتے ہیں ، مولانا نے کہا کہ اس ملک میں مختلف مذاہب کے ماننے والے اور مختلف زبانیں بولنے والے لوگ بستے ہیں ، ایسے میںکسی کوکسی پر دباو ٔڈالنے کاحق حاصل نہیںہے ، کئی تہذیبوںکے ماننے والے بھی ہیں ، انہوں نے کہاکہ شمال سے جنوب تک کئی بولیاں بولی جاتی ہیں ، مختلف رسومات پائے جاتے ہیں ، ملک مختلف مذاہب کا گلدستہ ہے، ملک کے دستور میں ہر مذہب والے کو اپنے رسومات کے مطابق زندگی بسرکرنے کا حق حاصل ہے ، جس میں ملک کی یکجہتی ، سالمیت و امن باقی ہے۔ ملک کے دستور میںاقلیتوںکے حقوق کے سلسلہ میںکوئی تبدیلی نہیںکی جاسکتی، مولانانے خدشہ ظاہر کیا کہ ملک میں و قتاً فوقتاً چند فرقہ پرست عناصر اقلیتوں بالخصوص مسلمانوںکے جذبات کے ساتھ کھلواڑ کرنے کی کوشش کررہے ہیں ، ملک کے دستور میں مسلمانوں کو دئے گئے حقوق کی پامالی کی کوشش میں بھی کر رہے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ ہمارا اخلاقی فریضہ بنتاہے کہ ہم ان کا منہ توڑجواب دیں ، امن وسلامتی کیا چیز ہے بتائیں ۔ مولانا نے کہا کہ اسی سلسلہ میں27؍اپریل 2016ء بروز بدھ شام 6.30 بجے ایس ٹی بی سی کالج میدان کرنول میں ضلعی سطح پر ایک جلسۂ عام منعقد شدنی ہے۔ سکریٹری آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ مولانا خالد سیف اللہ رحمٰنی صاحب ، ارکان عاملہ آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ مولانا خلیل الرحمن سجاد صاحب نعمانیؔ یو پی اور امیر شریعت ریاست کرناٹک مولانا مفتی محمد اشرف علی صاحب باقوی ؔ کے علاوہ دیگر کئی ارکان بورڈ اور مہمان مقررین کرام تشریف لائیں گے ۔ انہوں نے تمام مسلمان بھائیوںسے درخواست کی کہ وہ اپنے دوست واحباب کے ساتھ کثیر تعداد میں شرکت فرماکر دین ودستورکو بچانے میں معاون ثابت ہوں ۔ اس موقعہ پر امیر جماعت اسلامی کرنول جناب ایس اے امیر صاحب، جمعیۃ اہلحدیث سے مولانا عبدالخالق صاحب ، صدر جمعیۃ العلماء والائمہ کرنول مولانا زبیر احمد خاںصاحب رشادی ؔ ،صدر صفاء بیت المال شاخ کرنول حافظ عبداللہ صاحب ، مولانا شاہ ولی اللہ صاحب ، جناب عبدالحمید صاحب ، تاڈی پاڑ محبوب صاحب اور مہتمم مدرسہ عین الھدیٰ نندی کوٹکور مفتی عبدالرحمن صاحب شریک رہے۔

TOPPOPULARRECENT