Wednesday , January 24 2018
Home / شہر کی خبریں / قرآن مجید کی اٹل سچائی اور دل آویز استدلال سے عیسائی حیران

قرآن مجید کی اٹل سچائی اور دل آویز استدلال سے عیسائی حیران

ہماری زبان تلگو میں پہلی مرتبہ اسلام کی مکمل معلومات حاصل ہوئی ہے‘پاسٹرس کے تاثرات‘ برادر شفیع کا خطاب

ہماری زبان تلگو میں پہلی مرتبہ اسلام کی مکمل معلومات حاصل ہوئی ہے‘پاسٹرس کے تاثرات‘ برادر شفیع کا خطاب
حیدرآباد۔3۔ مارچ(پریس نوٹ) حضرت عیسیؑ کو اللہ کی اولاد قرار دینا اتنا بڑا جرم ہے کہ اس سے آسمان و زمین پھٹ سکتے ہیں اور پہاڑ ریزہ ریزہ ہوسکتے ہیں کیوں کہ سورہ مریم کی آیت نمبر 88 سے 92 تک میں اللہ سبحانہ تعالی کا فرمان ہے کہ ’’ ان کا قول تو یہ ہے کہ اللہ رحمن نے بھی اولاد اختیار کی ہے۔ یقیناً تم بہت بری اور بھاری چیز لائے ہو۔ قریب ہے کہ اس قول کی وجہ سے آسمان پھٹ جائیں اور زمین شق ہوجائے اور پہاڑ ریزے ریزے ہوجائیں کہ وہ رحمن کی اولاد ثابت کرنے بیٹھے۔شان رحمن کے لائق نہیں کہ وہ اولاد رکھے‘‘۔ ’’اسلام میں حضرت عیسی ؑ کا مقام‘‘ کے عنوان پر منعقدہ پروگرام میں یونیورسل اسلامک ریسرچ سنٹر کے صدر برادر شفیع نے ان خیالات کا اظہار کیا۔ ضلع کرنول کے ٹاون ادونی میں محمدیہ مسجد کے وسیع تر گراونڈ میں یہ دعوتی پروگرام منعقد ہوا تھا جس میں عام عیسائیوں کی بڑی تعداد کے علاوہ درجنوں عیسائی پاسٹرس نے بھی شرکت کی تھی۔اس پروگرام کے دوران ایک ایسا واقعہ بھی پیش آیا جسے آپ قرآن مجید کا ایک معجزہ کہئیے یا ایک اتفاقی حادثہ۔ برادر شفیع کے خطاب کے بعد عیسائیوں کی بڑی تعداد اسٹیج پر پہنچ گئی اور اپنی تبدیل شدہ کتابوں سے عیسی ؑ کو ہی اللہ کا بیٹا ثابت کرنے کی کوشش کرنے لگے۔ اس موقع پر برادر شفیع نے نہ صرف قرآن مجید بلکہ ان عیسائیوں کی بائبل میں موجود تمام حوالوں سے یہ ثابت کیا کہ عیسی ؑ صرف اللہ کے بندے اور رسول تھے اور اللہ نے قرآن میں خبردار کردیا ہے کہ ’’یقیناً تم بہت بری اور بھاری چیز لائے ہو۔ قریب ہے کہ اس قول کی وجہ سے آسمان پھٹ جائیں اور زمین شق ہوجائے اور پہاڑ ریزے ریزے ہوجائیں کہ وہ رحمن کی اولاد ثابت کرنے بیٹھے۔‘‘اس آیت کے بیان کے ساتھ ہی اسٹیج منہدم ہوگیا اور پاسٹرس ‘ قرآن مجید کی اس اٹل سچائی‘ دل آویز استدلال ‘ پاکیزہ دعوت اور اس کا حسن بیان دیکھ کر دنگ رہ گئے۔ اب ان پاسٹرس کی حواس باختہ حالت کو دیکھ کر عام عیسائیوں کے چہروں کا رنگ بھی ماند پڑگیا۔ ان لوگوں کے سامنے حقائق ظاہر ہوگئے تھے۔ اب ان عیسائیوں کی کیفیت تبدیل ہوچکی تھی اور پھر ان تمام نے اپنی ہٹ دھرمی کو ختم کرتے ہوئے اسلام کے بارے میں مکمل تفصیلات حاصل کی۔ ان تمام لوگوں میں تلگو میں قرآن مجید اور ڈی وی ڈیز تقسیم کیے گئے۔ ان عیسائیوں کا کہنا تھا کہ پہلی مرتبہ تلگو زبان میں مکمل اسلام سے واقفیت حاصل ہوئی ہے اور مقامی زبان ہونے سے ہمیں یہ سمجھنے میں بھی مدد ملی ہے۔قبل ازیں برادر شفیع نے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ بنی اسرائیل کی ہدایت کیلئے اللہ سبحانہ تعالی نے سینکڑوں انبیاء کو بھیجاتھا لیکن ان لوگوں نے وقت کے انبیاء کا نہ صرف انکار کیا بلکہ انہیں قتل بھی کیا۔ اور آخر میں اللہ نے عیسی ؑ کو ان کی ہدایت کیلئے نبی بناکر اپنی قدرت کی نشانیوں کے ساتھ بھیجا ۔ حضرت عیسی ؑ کے معجزات کا یہودیوں نے یہ کہہ کر انکار کردیا کہ یہ تو کھلا جادو ہے جبکہ عیسائیوں نے انہیں اللہ کا بیٹا قرار دیدیا۔ برادر شفیع نے حضرت عیسی علیہ السلام کے بارے میں قرآن کی تمام آیات کے مطلب سے سامعین کو واقف کروایا۔ آندھراپردیش صوبائی جمعیت اہلحدیث کے امیر ڈاکٹر سعید احمد مدنی کے علاوہ عبداللہ مدنی بھی اس پروگرام میں موجود تھے۔ اس موقع پر برادر سراج الرحمن نے اللہ کے اسماء و صفات اور اللہ کی بڑائی‘‘ کے عنوان پر خطاب کیا۔

TOPPOPULARRECENT