Monday , June 25 2018
Home / شہر کی خبریں / قرآن کا پیغام انسانیت کیلئے مشعل راہ

قرآن کا پیغام انسانیت کیلئے مشعل راہ

مکہ مسجدمیں مجلس بچاؤ تحریک کا جلسہ یوم القرآن، جناب مجید اللہ خاں فرحت و دیگر کا خطاب

مکہ مسجدمیں مجلس بچاؤ تحریک کا جلسہ یوم القرآن، جناب مجید اللہ خاں فرحت و دیگر کا خطاب
حیدرآباد 18 جولائی (سیاست نیوز) قرآن کا پیغام انسانیت کے لئے مشعل راہ ہے اور قرآن نے حق دار کو حق ادا کرنے کی متعدد مرتبہ تاکید کی ہے۔ جب حق دار کو حق سے محروم کیا جانے لگتا ہے تو ایسی صورت میں انسانیت کو انصاف کا حصول ناممکن ہوجاتا ہے۔ جناب مجید اللہ خاں فرحت ترجمان مجلس بچاؤ تحریک نے آج مکہ مسجد میں منعقدہ تاریخی جلسہ یوم القرآن سے خطاب کے دوران اِن خیالات کا اظہار کیا۔ اُنھوں نے غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت کو قتل عام سے تعبیر کرتے ہوئے کہاکہ صیہونی طاقتیں فلسطینیوں کی زمین پر قبضہ کرنا چاہتی ہیں۔ طاغوتی قوم مسلمانوں کے قبلۂ اول پر قابض ہونا چاہتی ہیں۔ یہودی، مسلمانوں کو نشانہ بناتے ہوئے ظلم کی بنیاد پر ایک نئی ریاست کا قیام عمل میں لارہے ہیں۔ غزہ میں جہاں معصوم بچوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے، شہری علاقے نشانہ بنائے جارہے ہیں، دواخانہ اور اسکول نشانہ بنائے جارہے ہیں، اِس کے باوجود انسانیت کی دہائی دینے والی تنظیمیں بالخصوص اقوام متحدہ کی جانب سے اختیار کردہ مجرمانہ خاموشی سے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ اسرائیلی کارروائی کو اِن تمام تنظیموں و اداروں کی حمایت حاصل ہے۔ جناب مجید اللہ خاں فرحت نے امریکہ و اسرائیل کی اسلام دشمن حرکتوں سے چوکنا و چوکس رہنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہاکہ اسلام دشمن قوتیں مسلمانوں کو کمزور کرنے اور اُن میں احساس کمتری پیدا کرنے کیلئے اِس طرح کی کارروائیاں کررہی ہیں لیکن اُنھیں اِس بات کا اندازہ نہیں ہے کہ مسلمان جام شہادت پینے پر فخر محسوس کرتا ہے اور اُسے موت کا کوئی خوف نہیں ہوتا بلکہ موت کے تعلق سے تو مسلمان کا یہ عقیدہ ہے کہ وہ اپنے مالک حقیقی سے ملاقات کرنے والا ہوتا ہے۔ ترجمان مجلس بچاؤ تحریک نے بتایا کہ قرآن مجید کو سمجھنے کے لئے سب سے پہلے صاحب قرآن کو سمجھنے کی ضرورت ہے اور جو صاحب قرآن کو نہ سمجھے وہ کسی بھی صورت میں قرآن کو نہیں سمجھ پائے گا۔ اُنھوں نے اِس موقع پر بتایا کہ قرآن میں متعدد مرتبہ حقدار کو حق دینے کی تاکید کی گئی ہے اور اِس کا احساس کرتے ہوئے ہمیں چاہئے کہ ہم کسی حقدار کو اُس کے حق سے محروم نہ کریں کیونکہ ایسی صورت کے پیدا ہونے سے انصاف کے تقاضے پورے نہیں ہوتے۔ جناب مجید اللہ خان فرحت نے حکومت تلنگانہ سے مطالبہ کیاکہ وہ 2007 ء مکہ مسجد بم دھماکہ کے بعد معصوم نوجوانوں پر فائرنگ کرنے والے عہدیداروں کے خلاف تحقیقات کا آغاز کرے۔ اُنھوں نے بتایا کہ مسلمانوں کو 12 فیصد تحفظات کی فراہمی کے سلسلہ میں جو اقدامات کا آغاز تلنگانہ حکومت نے کیا ہے اُس پر عدم عمل آوری کی صورت میں واحد مجلس بچاؤ تحریک ہوگی جو جدوجہد کرے گی اور حکومت کو تحفظات کی فراہمی کے لئے مجبور کرے گی۔ اُنھوں نے مجلس بچاؤ تحریک کے امیدواروں کی شکست کے لئے بزدلانہ ہتھکنڈوں کو ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہاکہ جو لوگ یہ نہیں چاہتے کہ مظلوم مسلمانوں کی آواز ایوانوں تک پہونچے اُنھوں نے کروڑہا روپئے خرچ کرتے ہوئے تحریک کے امیدواروں کو ناکام بنایا۔ جناب مجید اللہ خاں فرحت نے بتایا کہ مکہ مسجد بم دھماکہ کے ساتھ ہی تحریک نے اِس دھماکہ کیلئے آر ایس ایس و سنگھ پریوار کو ذمہ دار قرار دیا تھا اور یہ بات ثابت بھی ہوچکی ہے۔ اُنھوں نے مظلوم مسلم نوجوانوں کو انصاف رسانی کے عمل میں تحریک کی جدوجہد سے واقف کروایا۔ اِس موقع پر بے بنیاد مقدمات میں ماخوذ کئے گئے شعیب جاگیردار کے علاوہ عمران، مکہ مسجد کے صحن میں موجود تھے۔ مجلس بچاؤ تحریک کے جلسہ یوم القرآن سے مولانا سید طارق قادری، مولانا علی قادری کے علاوہ دیگر معززین نے مخاطب کیا۔ جناب صہبان خوندمیری کی قرأت کلام پاک سے جلسہ کا آغاز ہوا جبکہ قاری محمد نصیرالدین، حافظ نوال الرحمن اور معراج محمد نے بارگاہ رسالت مآب صلی اللہ علیہ و سلم میں ہدیہ نعت پیش کیا۔ جناب سکندر مرزا قائد مجلس بچاؤ تحریک نے نظامت کے فرائض انجام دیئے۔

TOPPOPULARRECENT