Tuesday , December 11 2018

قریبی مواضعات کو میونسپلٹیز میں تبدیل کرنے کا اعلان

رنگ روڈ کے اندر 15 ہزار آبادی والے مواضعات کو فائدہ : کے ٹی آر
حیدرآباد ۔ 5فبروری ( سیاست نیوز) وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر نے اندرون رنگ روڈ 15ہزار سے زائد آبادی والے مواضعات کو میونسپالٹیز میں تبدیل کرنے کا اعلان کیا ۔ کے ٹی آر نے سکریٹریٹ میں راجندر نگر ‘ ابراہیم پٹنم ‘ قطب اللہ پور ‘ مہیشورم اور سنگاریڈی کے حلقوں کے ارکان اسمبلی ‘ شہر کے ارکان اسمبلی ‘ رکن پارلیمنٹ ‘ رنگاریڈی ‘ سنگاریڈی ‘ میڑچل اضلاع کے کلکٹرس و محکمہ پنچایت راج عہدیداروں کا اجلاس طلب کرکے مختلف اُمور کا جائزہ لیا اور بتایا کہ حکومت نے 15ہزار سے زائد آبادی کے حامل مواضعات کو بلدیات میں تبدیل کردینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ انہوں نے عوامی منتخب نمائندوں اور عہدیداروں کو مشورہ دیا کہ وہ گرام پنچایتوں ‘ نگر پنچایتوں کے میونسپالٹیز میں تبدیل ہوجانے سے جو فائدے اور سہولتیں ہیں اس پر عوام میں شعور بیدار کریں ۔ بلدیات کی تشکیل کے بعد دو سال تک ٹیکس وصول نہیں کیا جائیگا ۔ نئی بلدیات کو حکومت فنڈ جاری کریگی ۔ بلدیات کی تشکیل سے ترقی تیز ہوجائیگی ۔ شہری علاقوں میں تعمیر کئے جانے والے ڈبل بیڈروم مکانات سے عوام کو فائدہ پہنچے گا ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ فی الحال اندرون رنگ روڈ 167 مواضعات ہیں انکا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد انہیں بلدیات میں ضم کیا جائیگا یا نئے بلدیات تشکیل دیئے جائیں گے ۔ انہوں نے ارکان اسمبلی ‘ ارکان کونسل ‘ منتخب نمائندوں اور عہدیداروں کو عوام سے رابطہ پیدا کرکے ان کی رائے پر مشتمل رپورٹ جلد پیش کرنے ہدایت دی ۔

TOPPOPULARRECENT