Wednesday , November 22 2017
Home / Top Stories / قطری سرمایہ کاروں کو ہندوستان آنے نریندر مودی کی دعوت

قطری سرمایہ کاروں کو ہندوستان آنے نریندر مودی کی دعوت

حالات انتہائی سازگار ‘ رکاوٹیں دور کرنے کا وعدہ ‘ امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے وسیع موضوعات پر تبادلہ خیال
دوحہ۔5جون ( سیاست ڈاٹ کام ) ھند ۔ قطر باہمی روابط کو ایک نئی جہت عطا کرنے کے مقصد سے وزیراعظم نریندر مودی اور امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی نے آج وسیع موضوعات پر تبادلہ خیال کیا ۔ نریندر مودی نے شخصی طور پر امیر قطر کو مبارکباد دی ‘ جنہوں نے دو دن قبل ہی 36ویں سالگرہ منائی ۔ مودی نے دو دن قبل فون پر ربط قائم کرتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا تھا ۔ بات چیت شروع ہونے سے پہلے مودی کو امیر دیوان پر استقبالیہ دیا گیا ۔ وزارت اُمور خارجہ کے ترجمان وکاس سروپ نے تصویر کے ساتھ ٹوئیٹ کیا کہ وزیراعظم نریندر مودی کا دوحہ میں امیری دیوان پر شایان شان استقبال کیا گیا ۔ توانائی کے شعبہ میں بات چیت بھی ایجنڈہ میں شامل ہے ۔ اس کے علاوہ باہمی تعلقات کے مختلف پہلوں کا احاطہ کیا جائے گا ۔

قطر خلیجی خطہ میں ہندوستان کا ایک اہم تجارتی پارٹنر ہے اور سال 2014-15ء میں باہمی تجارت 15.67 بلین ڈالرس رہی ۔ اس کے علاوہ قطر کروڈ آئیل سربراہ کرنے والا ہندوستان کا اہم ساجھے دار ہے ۔ یہاں ہندوستان کی سب سے زیادہ آبادی بھی ہے جن کی تعداد 6.3 لاکھ سے تجاویز ہوچکی ہے ۔ کل یہاں پہنچنے کے بعد نریندر مودی نے کہا کہ تھا کہ قطر کے ساتھ مستحکم روابط کو ہندوستان اہم ترجیح دیتا ہے ۔ وزیراعظم خلیجی علاقہ کے ساتھ تعلقات کو بہتر بنانے پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں کیونکہ ہندوستان کی توانائی کی ضروریات پوری کرنے کیلئے ان ممالک کی اہمیت ہے ۔ مودی نے پہیل ہی یو اے ای اور سعودی عرب کا دورہ کرچکے ہیں ‘کسی ہندوستانی وزیراعظم کا یہ آٹھ سال کے بعد قطر کا دورہ ہے ۔ اس سے پہلے وزیراعظم منموہن سنگھ 2008ء میں دوحہ کا دورہ کیا تھا ۔ امیر قطر نے مارچ 2015ء میں ہندوستان  کا دورہ کیا تھا ۔ اس کے علاوہ 1999‘ 2005 اور 2012 میں اس وقت کے امیر قطر نے ہندوستان کا دورہ کیا تھا ۔ وزیراعظم نریندر مودی نے قطر کے سرکردہ تاجرین سے ملاقات کی اور ہندوستان کی سرمایہ کاری ‘دوست پالیسیوں کو اُجاگر کرتے ہوئے تجارت کے بھرپور مواقع سے استفادہ پر زور دیا ۔ انہوں نے وعدہ کیا کہ جن رکاوٹوں کی وہ نشاندہی کریں گے اسے دور کیا جائے گا ۔ مودی نے بتایا کہ ان کی حکومت نے گذشتہ دو سال کے دوران کیا کام کئے جس سے یہاں تجارت کرنا زیادہ آسان ہوا ہے ۔

قطر کی تجارتی برادری نے قواعد اور منظوریوں کے بارے میں بعض سوالات کئے جس پر مودی نے بتایا کہ ان کی حکومت نے کئی شعبوں میں غیر ملکی راست سرمایہ کاری ( ایف ڈی آئی ) کو آسان بنانے کیلئے قواعد  و ضوابط تبدیل کئے ہیں ۔ انہوں نے بالخصوص ریلویز ‘ ڈیفنس ‘ مینوفیکچرنگ اینڈ فوڈ پروسیسنگ جیسے شعبوں کی نشاندہی کی ۔ انہوں نے سیاحتی شعبہ میں بھرپور مواقع کا بھی تذکرہ کیا ۔ قطر کی کمپنیوں سے سرمایہ کاری کی خواہش کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ ہندوستان مواقع سے بھرپور سرزمین ہے اور انہیں اس موقع سے پورا فائدہ اٹھانا چاہیئے ۔ انہوں نے کہا ہک وہ شخصی طور پر یہاں آئے ہیں تاکہ آپ کو ان مواقع سے استفادہ کی دعوت دی جائے ۔ آپ تمام ہندوستان میں پائے جانے والے مواقع کو تسلیم کرتے ہیں ‘ آپ جن رکاوٹوں کی نشاندہی کریں گے انہیں دور کیا جائے گا ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ قطر انوسٹمنٹ اتھاریٹی کیلئے ہندوستان میں سرمایہ کاری میں اضافہ کے بھرپور مواقع ہیں ۔ ہندوستان میں سرمایہ کاری کی ضروریات اور سرمایہ کار دوست پالیسیوں کے پیش نظر قطری کمپنیوں کیلئے بھرپور مواقع دستیاب ہیں ۔ وزیراعظم نریندر مودی اس وقت پانچ ممالک کے دورہ پر ہیں ‘ وہ کل افغانستان کے بعد قطر پہنچے اس کے علاوہ وہ سوئٹزرلینڈ ‘ امریکہ اور میکسیکو بھی جائیں گے ۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT