Sunday , December 17 2017
Home / عرب دنیا / قطر اور خلیجی ممالک میں مذاکرات کیلئے ایران کا مشورہ

قطر اور خلیجی ممالک میں مذاکرات کیلئے ایران کا مشورہ

تہران ۔ 5 جون (سیاست ڈاٹ کام) ایران کی وزارت خارجہ نے آج قطر میں اور اس سے سفارتی تعلقات منقطع کرنے والے پڑوسی خلیجی ممالک پر زور دیا کہ وہ اپنے اختلافات کی یکسوئی کیلئے مذاکرات کریں۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے وزارت کے ویب سائیٹ پر جاری کردہ بیان میں کہا کہ ’’اس علاقہ کے تمام ملکوں کے تنازعات اور قطر اور اس کے تین پڑوسی ملکوں کے مابین تازہ ترین اختلافات کی صرف فریقوں کے مابین مذاکرات کے ذریعہ سیاسی اور پرامن طریقوں سے ہی یکسوئی ممکن ہوگی‘‘۔ بہرام قاسمی نے مزید کہا کہ ’’ایک ایسے وقت جب ساری دنیا بڑے پیمانے پر دہشت گردی اور انتہاء پسندی سے متاثر ہورہی ہے، اس (ایران) کے جنوبی پڑوسیوں کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی سیاس علاقہ کی کسی بھی حکومت کو کوئی فائدہ نہیں پہنچے گا بلکہ تمام ملکوں کے مفادات کو خطرہ لاحق ہوگا‘‘۔ خلیج عرب کے متعدد سنی اکثریتی ممالک سے ایران کے سفارتی تعلقات 2016ء سے منقطع ہیں۔ بہرام قاسمی نے کہا کہ ’’عصرحاضر کی مربوط دنیا میں پابندیوں اور تحدیدات کا استعمال غیرمؤثر ثابت ہوئے ہیں جو قابل مذمت اور ناقابل قبول بھی ہیں‘‘۔

TOPPOPULARRECENT