Saturday , November 18 2017
Home / کھیل کی خبریں / قطر میں فٹ بال ورلڈ کپ کی تیاریاں جاری

قطر میں فٹ بال ورلڈ کپ کی تیاریاں جاری

دوحہ ۔21 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام )قطر میں فٹ بال ورلڈ کپ 2022 کی تیاریوں میں مصروف تنظیم کے اہم رکن نے کہا ہے کہ ایونٹ کی تیاریوں میں رکاوٹیں ہیں لیکن پڑوسی ممالک کی جانب سے معاشی اور سیاسی بائیکاٹ سے تیاریوں میں کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ رپورٹ کے مطابق ڈلیوری اینڈ لگیسی کمیٹی کے سیکریٹری جنرل حسن الثوادی نے کہا ہے کہ ورلڈ کپ کی تیاریوں کے سلسلے میں تعمیراتی منصوبوں کے لیے موجودہ تنازعہ میں شامل ممالک کے متبادل کے طور پرباہر سے خدمات حاصل کی گئی ہیں۔انھوں نے دوحہ میں ٹی وی چینل الجزیرہ انگلش کو اپنے انٹرویو میں کہا کہ اس سے اثرات کم سے کم ہوگئے ہیں۔رکاوٹوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ موجودہ تنازعہ رکاوٹوں کا باعث ہیں اور اسٹیڈیم کی بہتری یا نئے اسٹیڈیم کی تعمیر اور ورلڈ کپ کے لیے ضروری انفراسٹرکچر کے لیے بھی بہتری لائی جارہی ہے۔انھوں نے کام میں تاخیر کے تاثر کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ منصوبے پروگرام کے مطابق ہیں اور ان میں کوئی تاخیر پیش نہیں آئی۔یاد رہے کہ رواں سال 5 جون کو سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بحرین اور مصر نے قطر پر دہشت گردوں کی معاونت کا الزام عائد کرتے ہوئے سفارتی تعلقات معطل کردیے ہیں جس کے بعد معاشی اور سرحدی تعلقات بھی منقطع کردیے گئے ۔قطرکے ہمسایہ ممالک کی جانب سے سفارتی تعلقات معطل کرنے کے بعد قطر میں فٹ بال ورلڈکپ 2022 کے انعقاد پر بھی شبہات کا اظہار کیا جارہا ہے۔قطر کی جانب سے پڑوسی ممالک کے تمام الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کسی دباؤمیں نہ آنے کا اعلان کیا گیا تھا۔ورلڈ کپ 2022 کی تیاریوں کے سلسلے میں قطر تعمیراتی اور دیگر اشیا کے درآمد میں خلیجی ممالک کو ترجیح دے رہا تھا جہاں وہ 5 کروڑ ڈالر خرچ کررہا ہے جبکہ ٹورنمنٹ کی تیاریوں میں بھی خلل پڑنے کا خدشہ تھا۔عرب ممالک کی جانب سے سفارتی تعلقات معطل کرنے کے بعد 2022 کی قطعی تاریخ تک 8 اسٹیڈیمز کی تعمیر کے حوالے سے سوالات اٹھائے گئے تھے تاہم قطر نے واضح کیا کہ اس نے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی کمپنیوں کے ساتھ جاری معاہدوں کو باآسانی چین اور ملائیشیا کی کمپنیوں کے ساتھ تبدیل کردیا ہے۔

 

TOPPOPULARRECENT