Monday , January 22 2018
Home / اضلاع کی خبریں / قلت آب ، سڑکوں کی خستہ حالت سے عوام پریشان ارباب مجاز توجہ دیں

قلت آب ، سڑکوں کی خستہ حالت سے عوام پریشان ارباب مجاز توجہ دیں

نارائن پیٹ /18 مارچ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) بلدیہ نارائن پیٹ میں عوام ہر وارڈ کی سطح پر پینے کے پانی کی قلت صحت و صفائی کا مسئلہ سڑکوں کی خراب حالت ، اندرونی علاقوں کی سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے مسائل ، انفرادی بیت ا لخلاؤں کی تعمیر سے عہدیداروں کی عدم دلچسپی جیسے مسائل سے دوچار ہیں ۔ ٹریفک کا مسئلہ سڑکوں کی عدم توسیع سے بھی عوام پریشان ہیں ۔ کیونکہ آئے دن حادثات پیش آرہے ہیں ۔ شہر کی اہم شاہراہ کی وسعت آزادی سے پہلے جو تھی آج بھی وہی ہے ۔ اس شاہراہ کو وسیع کرنے کی ضرورت ہے ۔ محلہ گاندھی نگر جوکہ 50 سال کے بعد بھی 100 مکانات کا رجسٹریشن نہیںہوپایا ہے ۔ محلہ آر ٹی سی کالونی جو وارڈ نمبر 6 کا حصہ ہے میں بنیادی سہولیات نہیں ہے ۔ اس محلہ کے مکین بلدیہ کو محصول ادا کرتے ہیں ۔ مگر تاحال پینے کے پانی کی فراہمی کا نظم نہیں ہوپایا ہے ۔ اردو گھر اور شادی خانہ کی تعمیر عمل میں آئے برسوں بیت گئے مگر اب وہ کھنڈرات میں بدل رہے ہیں ۔ اس شادی خانہ اور اردو گھر کو آباد کرنے کی طرف توجہ کی ضرورت ہے ۔ کئی سرکاری مدرس کرایہ کی عمارتوں میں کام کر رہے ہیں ۔ ان سرکاری مدارس کو بلدیہ کی جانب سے اراضی فراہم کی جائے تو سرکاری مدارس کی ذاتی عمارتوں کی تعمیر کا مسئلہ حل ہوجائے گا ۔ عوام کا کہنا ہے کہ شہر میں رعیتوں بازار قائم کیا جائے ۔ برقی کی سلسلے کو جو اکثر منقطع ہوتا رہتا ہے پر قابو پانے کیلئے اقدامات عمل میں لائے جائیں ۔ اقلیتوں کیلئے منطور کی گئی میناریٹی کالونی جو ایک دہے بعد بھی مکمل نہیں ہوپائی ہے کی تکمیل کیلئے قائدین کوشش کریں اور اس کالونی کو آباد کیا جائے اولڈ بس اسٹانڈ تا ایریا ہاسپٹل کی سڑک میں اس قدر گڑھے پڑ گئے ہیں کہ چلنا پھرنا دشوار بن گیا ہے ۔ اس سڑک کی تعمیر عمل میں لایا جانا ضروری ہے ۔جناب احمد خان امیر مقامی جماعت اسلامی ہند نے اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی قائدین اور عوامی نمائندوں کو چاہئے کہ جو بلدیہ نارائن پیٹ کے مسائل ہیں ان مسائل کو حل کرنے کا تیقن اور لائحہ عمل عوام کے سامنے رکھیں اور شہر کو سرسبز و شاداب آلودگی سے پاک بنانے کی ضرورت پر دھیان دیتے ہوئے ووٹ طلب کریں ۔

TOPPOPULARRECENT