Monday , June 25 2018
Home / شہر کی خبریں / قلعہ گولکنڈہ میں پرچم کشائی پر کشن ریڈی کے اعتراضات ناقابل قبول

قلعہ گولکنڈہ میں پرچم کشائی پر کشن ریڈی کے اعتراضات ناقابل قبول

صدر بی جے پی کے بیانات اشتعال انگیز ، ٹی آر ایس رکن اسمبلی جی بالراجو کی تنقید

صدر بی جے پی کے بیانات اشتعال انگیز ، ٹی آر ایس رکن اسمبلی جی بالراجو کی تنقید
حیدرآباد۔/8اگسٹ، ( سیاست نیوز) ٹی آر ایس رکن اسمبلی جی بالراجو نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی صدر کشن ریڈی سیاسی مقصد براری کیلئے ٹی آر ایس حکومت کو تنقید کا نشانہ بنارہے ہیں۔ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میدک لوک سبھا حلقہ کے ضمنی انتخاب کو پیش نظر رکھتے ہوئے بی جے پی نے ٹی آر ایس حکومت کو نشانہ بنانے کا آغاز کیا ہے تاکہ میدک لوک سبھا حلقہ میں فائدہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ تاریخی قلعہ گولکنڈہ میں یوم آزادی تقاریب منانے کے فیصلہ پر کشن ریڈی کے اعتراضات ناقابل قبول ہیں۔ بالراجو نے کہا کہ تلنگانہ کی تہذیب و ثقافت کے احیاء کیلئے حکومت نے تاریخی قلعہ سے قومی پرچم لہرانے کا فیصلہ کیا لیکن کشن ریڈی اسے مذہبی جذبات سے جوڑنے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشن ریڈی کے بیانات مذہبی جذبات کو مشتعل کرنے کی کوشش ہیں۔ ٹی آر ایس رکن اسمبلی نے بی جے پی قائدین کو مشورہ دیا کہ وہ سیاسی مقصد براری کیلئے حکومت کے فیصلوں کو مذہبی رنگ دینے سے گریز کریں۔ انہوں نے کہا کہ سماج کے تمام طبقات کی جانب سے قلعہ گولکنڈہ پر یوم آزادی تقاریب کے اہتمام کا خیرمقدم کیا جارہا ہے لیکن بی جے پی کو اس پر اعتراض ہے۔ ٹی آر ایس حکومت نے تلنگانہ کی روایتی تہذیب کے احیاء کے فیصلہ کے تحت قلعہ گولکنڈہ میں قومی پرچم لہرانے کا فیصلہ کیا، اس سے مذہب کا کوئی تعلق نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ تنقیدوں کے بجائے بی جے پی کو تعمیری اپوزیشن کا رول ادا کرنا چاہیئے۔ ٹی آر ایس حکومت نے علاقہ کی ترقی اور عوامی بھلائی سے متعلق جن کاموں کا آغاز کیا بی جے پی کو چاہیئے کہ ان کی کھل کر تائید کرے۔ ٹی آر ایس رکن اسمبلی نے کہا کہ بی جے پی قائدین لاکھ بیان بازی کرلیں لیکن تلنگانہ عوام ان کے بہکاوے میں نہیں آئیں گے۔

TOPPOPULARRECENT