Monday , May 28 2018
Home / جرائم و حادثات / قماربازوں کی اطلاع پر تحفہ کا اعلان میر چوک پولیس کی شہریوں کیلئے خصوصی پیشکش

قماربازوں کی اطلاع پر تحفہ کا اعلان میر چوک پولیس کی شہریوں کیلئے خصوصی پیشکش

حیدرآباد /21 ڈسمبر ( سیاست نیوز ) پرانے شہر سے سماجی برائی کو ختم کرنے کیلئے میر چوک پولیس نے شہریوں کیلئے انوکھی پیشکش کی ہے ۔ قمار بازوں کی اطلاع دینے والے شہریوں کو میر چوک پولیس انعامات تحفہ پیش کرے گی ۔ یہ بات اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس میر چوک ڈیویژن مسٹر آنند نے بتائی ۔ انہوں نے عوام سے درخواست کی کہ وہ قمار بازی کے تعاقب میں پولیس کی مدد کریں ۔ انہوں نے شہریوں کو اس بات کا یقین دلایا کہ پولیس قمار بازوں کی اطلاع دینے والوں کی شناخت کو راز میں رکھے گی اور انہیں انعامات تحفے بھی رازدارانہ انداز میں پہونچائے جائیں گے ۔ مسٹر آنند امان نگر علاقہ سے گرفتار تین افراد کو پیش کرنے کے بعد بات کر رہے تھے ۔ رین بازار پولیس انسپکٹر مسٹر عبدالمجاہد نے ایک کارروائی میں امان نگر علاقہ سے تین افراد کو گرفتار کیا ۔ جو کھلی اراضی میں جوا کھیل رہے تھے ۔ پولیس نے کھیل میں شامل کارڈز کے علاوہ 4 ہزار روپئے نقد رقم کو بھی ضبط کرلیا ۔ اے سی پی نے ان کی شناخت راز میں رکھتے ہوئے بتایا کہ اسماعیل خان ، نوید اور ارشد کو گرفتار کرلیا گیا ہے اور بتایا کہ یہ لوگ پیشہ سے آٹو ڈرائیور ہیں جو کام چھوڑ کر جوا کھیل رہے تھے ۔ اے سی پی نے بتایا کہ گذشتہ دنوں مغل پورہ اور میر چوک حدود میں ایسے واقعات کے خلاف کارروائی کی گئی اور اب پولیس سارے ڈیویژن میں قمار بازوں کیلئے دائرہ تنگ کرے گی ۔

TOPPOPULARRECENT