Wednesday , December 12 2018

قومی ترانہ کا احترام نہیں کیا گیا

حیدرآباد۔/7مارچ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ اسمبلی اور کونسل کے مشترکہ اجلاس کے موقع پر اپوزیشن ارکان احتجاج میں اس قدر منہمک ہوگئے کہ انہیں قومی ترانہ کے احترام کا خیال تک نہیں رہا۔ گورنر کے ایوان میں داخلہ کے ساتھ ہی کانگریس اور تلگودیشم ارکان نے نعرہ بازی شروع کردی تھی اور روایت کے مطابق گورنر کے اپنی نشست تک پہنچتے ہی قومی ترانہ بجایا جاتا ہے۔ قومی ترانہ کے آغاز کے باوجود اپوزیشن ارکان کی نعرہ بازی جاری رہی۔ یہ سلسلہ کچھ دیر تک چلتا رہا تاہم بعض سینئر ارکان نے احتجاجی ارکان کی توجہ قومی ترانہ کے احترام کی جانب اشارے سے مبذول کرائی جس کے بعد نعرہ بازی بند ہوئی۔ اسی طرح گورنر کے خطبہ کے اختتام کے ساتھ ہی روانگی سے قبل دوبارہ قومی ترانہ کی ریکارڈنگ لگائی جاتی ہے لیکن اس وقت بھی اپوزیشن ارکان کی نعرہ بازی جاری تھی۔ گورنر کے خطبہ کے اختتام کے ساتھ ہی کانگریس ارکان بطور احتجاج واک آؤٹ کیلئے نشستوں سے واپس ہونے لگے ان میں قائد اپوزیشن جانا ریڈی بھی شامل تھے۔ لیکن قومی ترانہ کے احترام کو ملحوظ رکھتے ہوئے نہ صرف وہ رُک گئے بلکہ دیگر ارکان کو بھی احتراماً خاموش کھڑے ہونے کی تلقین کی۔ اس طرح اپوزیشن ارکان نے حکومت کے خلاف احتجاج کو ترجیح دی اور انہیں قومی ترانہ کے احترام کا خیال نہیں رہا۔

TOPPOPULARRECENT