Sunday , November 19 2017
Home / شہر کی خبریں / قومی صدر بی جے پی امیت شاہ کا دورہ نلگنڈہ فلاپ شو

قومی صدر بی جے پی امیت شاہ کا دورہ نلگنڈہ فلاپ شو

چیف منسٹر کے سی آر پر تنقید پر اعتراض ، پی روی بی سی کارپوریشن کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 24۔ مئی (سیاست نیوز) تلنگانہ راشٹرا سمیتی نے بی جے پی کے قومی صدر امیت شاہ کے دورہ نلگنڈہ کو فلاپ شو قرار دیا ہے ۔ بی سی کارپوریشن کے صدرنشین پی روی نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے امیت شاہ کی جانب سے کے سی آر پر تنقید پر سخت اعتراض کیا اور کہا کہ امیت شاہ کا یہ مقام نہیں کہ وہ چیف منسٹر کو تنقید کا نشانہ بنائیں۔ انہیں چیف منسٹر پر تنقید کی اہلیت حاصل نہیں ہے ۔ روی نے کہا کہ تلنگانہ میں بی جے پی کو برسر اقتدار لانے کا خواب کبھی پورا نہیں ہوگا۔ شمالی ہند میں دلتوں پر مظالم کرنے والی بی جے پی کے صدر امیت شاہ تلنگانہ میں دلتوں کے ساتھ ناانصافی کا شکوہ کر رہے ہیں ، جو ان کے دہرے معیار کو ظاہر کرتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شمالی ہند میں دلتوں پر مظالم کی ذمہ دار پارٹی کی تلنگانہ میں دلتوں پر ہمدردی مضحکہ خیز ہے ۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے دلتوں کو تین ایکر اراضی فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ روی نے کہا کہ ایک طرف دلتوں پر مظالم تو دوسری طرف تلنگانہ میں دلت کے گھر میں کھانا کھانا مضحکہ خیز ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں کانگریس کو لیڈر نہیں تلگو دیشم کو کیڈر نہیں اور بی جے پی کو ووٹر نہیں ہیں۔ روی نے کہا کہ جنوبی ہند میں تلنگانہ کے ذریعہ داخلہ کا بی جے پی کا خواب کبھی پورا نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی یہ تاثر دینے کی کوشش کر رہی ہے کہ امیت شاہ کے دورہ کے موقع پر بوتھ سطح پر قائم کی گئی کمیٹیوں کے قائدین نے شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ 2019 ء میں دلت کو وزیراعظم بنانے کا اعلان امیت شاہ کو کرنا چاہئے ، اگر ان میں دلتوں سے ہمدردی اور ہمت ہو ۔ انہوں نے کہا کہ امیت شاہ نے کسی بھی دلت کے گھر میں پکایا ہوا کھانا یا اس کے گھر کا پانی تک نہیں پیا بلکہ باہر سے لایا ہوا کھانا اور پانی دلت کے گھر میں بیٹھ کر استعمال کیا گیا ۔ اس طرح امیت شاہ کو دلتوں سے ہمدردی کا کوئی حق حاصل نہیں ہے ۔ اسٹار ہوٹل سے کھانا دلت کے گھر میں امیت شاہ کو سربراہ کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کبھی بھی دلتوں کی ہمدرد نہیں ہوسکتی۔ روی نے دعویٰ کیا کہ ملک بھر میں دلتوں اور دیگر کمزور طبقات کی بھلائی کیلئے ٹی آر ایس حکومت نے جو اقدامات کئے ہیں ، اس کی مثال بی جے پی زیر اقتدار ریاستیں نہیں پیش کرسکتی۔ انہوں نے امیت شاہ کو انتباہ دیا کہ اگر وہ کے سی آر کو نشانہ بناتے ہوئے دوبارہ تلنگانہ کا دورہ کریں گے تو انہیں عوامی مخالفت کا سامنا کرنا پڑے گا۔

TOPPOPULARRECENT