Sunday , November 19 2017
Home / شہر کی خبریں / قومی صدر بی جے پی امیت شاہ کو چندرا بابو کا ظہرانہ

قومی صدر بی جے پی امیت شاہ کو چندرا بابو کا ظہرانہ

صدارتی انتخابات و سیاسی حالات پر بات چیت
حیدرآباد تا وجئے واڑہ ایک ہی طیارہ میں دونوں کا سفر
حیدرآباد ۔ 25 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : صدر تلگو دیشم پارٹی و چیف منسٹر آندھرا پردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو اور قومی صدر بی جے پی امیت شاہ دونوں ایک ہی طیارہ میں آج حیدرآباد سے وجئے واڑہ ( گناورم ) تک سفر کیا ۔ امیت شاہ جو کہ گذشتہ تین دن سے ریاست تلنگانہ کے دورہ پر تھے ۔ اپنے سہ روزہ دورہ تلنگانہ ختم کر کے آندھرا پردیش کے دورہ پر مرکزی وزیر وینکیا نائیڈو کے ہمراہ ایرپورٹ روانہ ہوئے جب کہ مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے بھی تلنگانہ تلگو دیشم پارٹی مہاناڈو میں شرکت کے بعد مرکزی وزیر سوجنا چودھری کے ہمراہ ایرپورٹ پہونچے اور اتفاق ایسا ہوا کہ ایک ہی طیارہ میں دونوں قائدین نے وجئے واڑہ تک کا سفر کیا جب کہ مرکزی وزیر ریلوے سریش پربھو قبل از وقت ہی گناورم پہونچ چکے تھے دونوں ہی قائدین کے گناورم پہونچنے پر ریاستی وزراء ڈی اوما مہیشور راؤ اور کے سرینواس نے ان کا خیر مقدم کیا ۔ اسی دوران بتایا جاتا ہے کہ قومی صدر بی جے پی امیت شاہ کے دورہ آندھرا پردیش آمد کے سلسلہ میں مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے آج دوپہر ظہرانہ پر امیت شاہ کو مدعو کیا اور ظہرانہ میں تلگو پکوانوں پر مشتمل ذائقہ دار نان ویجیٹرین و ویجیٹرین ڈشیس پیش کئے ۔ ظہرانہ کے موقعہ پر ایک گھنٹہ طویل بات چیت رہی ۔ اس بات چیت کے دوران تلگو ریاستوں میں پائے جانے والے سیاسی حالات اور پارٹیوں کے موقف پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور ریاست آندھرا پردیش میں تلگو دیشم پارٹی اور بی جے پی کو مستحکم کرنے اور صدارتی انتخاب جیسے اہم موضوعات پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کرنے کی اطلاعات پائی جاتی ہیں ۔ اس موقع پر مرکزی وزراء سریش پربھو ، وینکیا نائیڈو ، سوجنا چودھری ، ریاستی وزراء ( آندھرا پردیش ) وائی راما کرشنوڈو ، این لوکیش نائیڈو ، کلا وینکٹ راؤ و دیگر قائدین بھی موجود تھے ۔۔

TOPPOPULARRECENT