قومی مفادات کا تحفظ کرنے تلگودیشم سے اتحاد

ٹی آر ایس کی شرائط تسلیم کرنے سے انکار : وینکیا نائیڈو کی پریس کانفرنس

ٹی آر ایس کی شرائط تسلیم کرنے سے انکار : وینکیا نائیڈو کی پریس کانفرنس

حیدرآباد 15 اپریل ( این ایس ایس ) بی جے پی کے سینئر لیڈر مسٹر ایم وینکیا نائیڈو نے آج یہ واضح کیا کہ تلگودیشم پارٹی کے ساتھ اتحاد صرف قومی اور ریاستی مفادات کا تحفظ کرنے کیلئے کیا گیا ہے ۔ ریاستی پارٹی آفس میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مسٹر نائیڈو نے اس یقین کا اظہار کیا کہ مرکز میں بی جے پی زیر قیادت این ڈی اے کو اور ریاست میں بی جے پی ۔ تلگودیشم اتحاد کو اکثریت حاصل ہوگی اور اس کی حکومتیں قائم ہونگی ۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ بی جے پی زیر قیادت این ڈی اے کو لوک سبھا انتخابات میں 300 نشستوں پر کامیابی حاصل ہوگی ۔ انہوں نے یہ الزام عائد کیا کہ کچھ مفادات حاصلہ نے تیسرے محاذ کے تعلق سے غلط اطلاعات عام کرنے کی مہم شروع کی ہے ۔ انہوں نے یاد دہانی کروائی کہ ماضی میں بھی تیسرے محاذ کی جانب سے جو بھی حکومتیں قائم کی گئی تھیں وہ چند مہینوں سے زیادہ نہیں چل سکیں۔ تیسرے محاذ کی حکومتوں سے عوام کو مشکلات پیش آئیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس طرح کے محاذوں کی تائید سے گریز کریں اور بی جے پی اور اس کی حلیف جماعتوں کے حق میں اپنے ووٹ کا استعمال کریں تاکہ ملک میں ایک مستحکم حکومت قائم ہوسکے ۔ یہ الزام عائد کرتے ہوئے کہ ٹی آر ایس نے تلنگانہ میں بی جے پی کے ساتھ اتحاد کی کوششیں کی تھیں مسٹر نائیڈو نے کہا کہ اب ٹی آر ایس کی جانب سے بی جے پی پر اس لئے الزامات عائد کئے جارہے ہیںکیونکہ ان کی پارٹی نے ٹی آر ایس کے مطالبات کو تسلیم کرنے سے انکار کردیا تھا ۔

TOPPOPULARRECENT