Tuesday , November 21 2017
Home / اضلاع کی خبریں / قومی یکجہتی کی مثالی شخصیت وی پرتاب گوڑ کو خراج عقیدت

قومی یکجہتی کی مثالی شخصیت وی پرتاب گوڑ کو خراج عقیدت

جوگی پیٹ /10 جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ہندوستان کے موجودہ حالات میں جب کہ فرقہ پرستوں کی جانب سے عدم رواداری کا ماحول پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو بگاڑنے کی مختلف طریقوں سے سازش کی جا رہی ہے، ایسے پرآشوب دور میں قومی یکجہتی کی مثال اور بلاتفریق مذہب و ملت سماج کے ہر طبقہ کی خدمت کرنے والے جوگی پیٹ کے عوام کی ہردلعزیز شخصیت اور قوم کے عظیم لیڈر و رہنما منترو پیٹ پرتاب گوڑ کا دنیا سے رخصت ہوجانا باعث افسوس ہے۔ واضح رہے کہ وی پرتاب گوڑ 19 جنوری 1961ء کو پیدا ہوئے اور 30 دسمبر 2015ء کو اس دنیا سے چل بسے۔ ان کے انتقال کے تیرہویں دن کی تکمیل پر 11 جنوری بروز پیر بوقت 12-30 بجے دن ان کے خاندان کی جانب سے جوگی پیٹ کے تمام مسلمانوں کے لئے دوپہر کے کھانے کی دعوت کا اہتمام کیا گیا ہے اور ان کے بھائیوں کی جانب سے اس دعوت میں شرکت کی مسلمانوں سے اپیل کی گئی ہے۔ آنجہانی کے بھائیوں اور خاندان کا کہنا ہے کہ وی پرتاب گوڑ صرف ہندو طبقہ ہیں میں مقبول نہیں تھے، بلکہ مسلمانوں کے دلوں میں بھی ان کا مقام تھا اور سبھی طبقات کے لوگ ان کی سماجی خدمات کے معترف تھے۔ وی پرتاب گوڑ کے انتقال پر ہندو۔ مسلم سبھی کو ان کی جدائی کا غم ہے۔ آخر کیوں نہ ہو، وہ قوم و ملت، ذات پات، مذہب و برادری سے بالاتر ہوکر انصاف اور رواداری کا پیغام لوگوں میں عام کرنے کے لئے ہمیشہ کمربستہ اور سبھی کی خدمت کے لئے ہمیشہ کوشاں رہتے تھے۔ ان کے انتقال پر جوگی پیٹ کے ہندو مسلم عوام انھیں دلی کی گہرائیوں سے خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT