Thursday , June 21 2018
Home / ہندوستان / لائن آف کنٹرول بین الاقوامی سرحدپر صورتحال کشیدہ

لائن آف کنٹرول بین الاقوامی سرحدپر صورتحال کشیدہ

سرحد پار سے فائرنگ کا منہ توڑ جواب جاری:ڈی جی بی ایس ایف
جموں، 18جنوری (سیاست ڈاٹ کام) بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف) کے ڈائریکٹر جنرل کے کے شرما نے جموں وکشمیر میں پاکستان کے ساتھ لگنے والی لائن آف کنٹرول اور بین الاقوامی سرحد کی صورتحال کو کشیدہ قرار دے دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سرحدوں پر تعینات بی ایس ایف اہلکار سرحد پار پاکستان سے ہونے والی فائرنگ کا منہ توڑ جواب دے رہے ہیں۔ مسٹر شرما نے جمعرات کو یہاں آر ایس پورہ سیکٹر میں پاکستانی فائرنگ کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے بی ایس ایف ہیڈ کانسٹیبل کی میت پر پھول مالائیں رکھنے کی تقریب کے حاشئے پر نامہ نگاروں کو بتایا ‘ایل او سی اور بین الاقوامی سرحد کی صورتحال کشیدہ ہے ‘۔ انہوں نے کہا کہ سرحدوں پر تعینات بی ایس اہلکاروں کا حوصلہ بلند ہے اور وہ سرحد پار سے ہونے والی فائرنگ کا منہ توڑ جواب دے رہے ہیں۔ ڈی جی بی ایس ایف نے کہا ‘گذشتہ رات پاکستان کی طرف سے بلااشتعال فائرنگ کی گئی جس میں ہمارے ہیڈکانسٹیبل اے سریش جاں بحق ہوئے ۔ وہ تامل ناڈو کے رہنے والے تھے ۔ ہماری طرف سے فوری جوابی کاروائی کی گئی اور پاکستانی سرحدی چوکیوں کو نشانہ بنایا گیا۔ ان کا بھاری جانی اور مالی نقصان ہواہے ‘۔ انہوں نے کہا کہ سرحدوں پر تعینات بی ایس ایف اہلکاروں کی طرف سے کبھی پہلی گولی نہیں چلائی جائے گی۔ان کا کہنا تھا بی ایس ایف کبھی فائرنگ کا آغاز نہیں کرتی ہے ۔ لیکن جب وہاں سے شروعات ہوتی ہے تو ہم اس کا منہ توڑ جواب دیتے ہیں۔ میں آپ کو بھروسہ دلانا چاہتا ہوں کہ ہم سخت کاروائی کررہے ہیں ۔ ہیڈ کانسٹیبل اے سریش کی شہادت بے کار نہیں جائے گی۔

TOPPOPULARRECENT