لائن آف کنٹرول پر شدید گولہ باری ،سرحدی علاقوں میں خوف و ہراس

سری نگر6دسمبر (سیاست ڈاٹ کام ) شمالی کشمیر کے کپواڑہ اور بارہمولہ اضلاع میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے مژھل اور اوڑی سیکٹروں میں جمعرات کو ہندوستان اور پاکستان کی افواج درمیان شدید گولہ باری کا تبادلہ ہوا۔گولہ باری کا تبادلہ کئی گھنٹوں تک جاری رہا، تاہم اس میں جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے ۔ گولہ باری کی وجہ سے سرحدی علاقوں میں سخت خوف و ہراس پھیل گیا ہے ۔یاد رہے کہ اوڑی سیکٹر میں گذشتہ روز پاکستانی فوج کی طرف سے ہوئی شلنگ کی وجہ سے دو بھارتی فوجی اہلکار زخمی ہوئے تھے ۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ پاکستانی فوج نے جمعرات کو مسلسل دوسرے دن بھی بلا اشتعال اور بے تحاشہ شلنگ اور فائرنگ کرکے اوڑی سیکٹر کے کمالکوٹ میں بھارتی فوج کی چوکیوں کو نشانہ بنایا۔ اس دوران بھارتی فوج نے جوابی کارروائی کی اور طرفین کے درمیان گولیوں کا تبادلہ کئی گھنٹوں تک جاری رہا۔تاہم گولیوں کے تبادلے میں کسی بھی جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے اور نہ ہی سرحد پار ہوئے کسی جانی یا مالی نقصان کی کوئی خبر موصول ہوئی ہے ۔واضح رہے کہ بدھ کے روز پاکستانی فوج کی طرف سے فائرنگ میں دو فوجی اہلکار زخمی ہوئے تھے جن کی شناخت دیپو ویشوناتھ اور نائک ایم والم کے بطور ہوئی تھی ۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT