Wednesday , December 13 2017
Home / Top Stories / لالوپرساد اور شرد یادو کی ملائم سنگھ کو ترغیب دینے کی کوشش

لالوپرساد اور شرد یادو کی ملائم سنگھ کو ترغیب دینے کی کوشش

سیکولر اتحاد میں سماج وادی پارٹی کی برقراری کے بارے میں متضاد دعوے
نئی دہلی /4 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) آر جے ڈی کے سربراہ لالو پرساد اور جنتادل (یو) کے صدر شرد یادو نے آج سماج وادی پارٹی کے صدر ملائم سنگھ یادو سے ملاقات کرکے ان کی برہمی کم کرنے اور انھیں عظیم سیکولر اتحاد میں برقرار رہنے کی ترغیب دینے کی کوشش کی۔ سماج وادی پارٹی نے ایک دن قبل ہی بہار میں بی جے پی مخالف عظیم اتحاد سے ترک تعلق کا اعلان کیا ہے، کیونکہ اسے نشستوں کی تقسیم کے سلسلے میں مشاورت میں شریک نہیں کیا گیا تھا، چنانچہ اسے ’’توہین‘‘ کا احساس ہو رہا تھا۔ نقصان کے ازالہ کی کوشش کرتے ہوئے لالو پرساد نے جن کی دختر کی شادی سماج وادی پارٹی کے صدر کی بہن کے پوتے سے ہوئی ہے، فوری پٹنہ سے نئی دہلی پہنچ گئے اور سماج وادی پارٹی کے سربراہ سے ان کی قیامگاہ پر ملاقات کی۔ ان کے ہمراہ جے ڈی (یو) کے صدر شرد یادو بھی تھے۔ وہ عظیم اتحاد میں پیدا ہونے والے بحران کی یکسوئی کرنا چاہتے تھے۔ سماج وادی پارٹی کی جانب سے آج کچھ بھی نہیں کہا گیا، حالانکہ لکھنؤ میں ایک پریس کانفرنس منعقد کی گئی، جس میں 243 رکنی بہار اسمبلی میں سماج وادی پارٹی کو صرف 5 نشستوں کی پشیکش پر عظیم سیکولر اتحاد سے ترک تعلق کا اعلان کیا گیا۔

 

جے ڈی (یو) کے صدر نے ملاقات کے بعد دلیری کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہربات کی یکسوئی کی جائے گی‘‘۔ وہ پٹنہ کا بھی دورہ کریں گے، تاکہ چیف منسٹر بہار نتیش کمار سے اس مسئلہ پر بات چیت کریں۔ جے ڈی (یو) کے صدر نے کل رات ملائم سنگھ یادو سے نصف گھنٹہ طویل ملاقات کی تھی، جس کے بعد انھوں نے اعلان کیا تھا کہ بہار میں عظیم سیکولر اتحاد حسب سابق برقرار ہے اور سماج وادی پارٹی اس کا ایک حصہ ہے۔ قبل ازیں کل لکھنؤ میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سماج وادی پارٹی کے قومی جنرل سکریٹری رام گوپال یادو نے عظیم سیکولر اتحاد سے اپنی ’’توہین‘‘ محسوس کرنے کے بعد ترک تعلق کا اعلان کیا تھا۔ اس کے فوری بعد صدر جے ڈی (یو) نے ایک پریس کانفرنس منعقد کرکے اس میں کہا کہ تمام مسائل بڑے بھائی ملائم سنگھ کے ساتھ حل کرلئے گئے ہیں۔ مجوزہ اتحاد سابق جنتا پریوار کی 6 سیاسی پارٹیوں کا ایک وفاق ہے اور صدر سماج وادی پارٹی اس کے سربراہ ہیں۔ جے ڈی (یو) کے صدر نے ان اطلاعات کو مسترد کردیا کہ ’’سماج وادی پارٹی، بی جے پی کے اشاروں پر ناچ رہی ہے‘‘۔ یہ قیاس آرائی اس وقت مزید مستحکم ہو گئی تھی، جب کہ ملائم سنگھ نے وزیر اعظم نریندر مودی سے کچھ دیر قبل پارٹی کے جنرل سکریٹری رام گوپال یادو کے ساتھ ملاقات کی تھی۔ مبینہ طورپر انھوں نے پیر کے دن بی جے پی کے قومی صدر امیت شاہ سے بھی ملاقات کی تھی۔ چیف منسٹر بہار نتیش کمار نے بھی یقین ظاہر کیا کہ مسئلہ حل کرلیا جائے گا اور سماج وادی پارٹی سیکولر اتحاد میں واپس آجائے گی۔ انھوں نے پٹنہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم پتہ چلانے کی کوشش کر رہے ہیں کہ سماج وادی پارٹی نے کس وجہ سے عظیم سیکولر اتحاد سے ترک تعلق کا فیصلہ کیا ہے۔

TOPPOPULARRECENT