لالو پرساد ضمانت کیلئے ہائیکورٹ سے رجوع ہونگے

بہن کے انتقال پر پیرول کیلئے درخواست زیرغور نہیں، آر جے ڈی سربراہ کے وکیل کا بیان

رانچی 8 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد جو چارہ اسکام کے کیس میں سی بی آئی عدالت کی جانب سے اپنی سزا دہی کے بعد یہاں کی جیل میں بند ہیں، آئندہ چند یوم میں ضمانت کے لئے جھارکھنڈ ہائی کورٹ سے رجوع ہوں گے، اُن کے وکیل نے یہ بات کہی۔ لالو کے وکیل پربھات کمار نے نیوز ایجنسی پی ٹی آئی کو بتایا کہ ہم فیصلے کی نقل پڑھیں گے اور جمعہ کو یا پھر آئندہ دوشنبے کو ہائی کورٹ سے رجوع ہوں گے۔ اِس سوال پر کہ آیا آر جے ڈی سربراہ اپنی بڑی بہن کے انتقال کے پیش نظر پیرول کے لئے عدالت سے رجوع ہونے والے ہیں، پربھات نے کہاکہ یہ بات زیرغور نہیں ہے۔ 23 ڈسمبر کو سابق چیف منسٹر بہار کو اِس کیس میں مجرم پایا گیا جو 1990 ء اور 1994 ء کے درمیان دیوگھر سرکاری خزانے سے 89.27 لاکھ روپئے غیرقانونی طور پر نکال لینے سے متعلق ہے۔ 6 جنوری کو اُنھیں عدالت نے ساڑھے تین سال کی سزائے قید سنائی۔ یہ سابق مرکزی وزیر کو اِس اسکام میں پہلی بار 21 سال قبل منظر عام پر آیا تھا، دوسری بار سزا ہوئی ہے۔ 69 سالہ آر جے ڈی لیڈر کو 30 ستمبر 2013 ء کو چائیباسا ٹریژری سے 37.7 کروڑ روپئے دھوکے سے نکال لینے کے ایک اور چارہ اسکام کیس میں مجرم قرار دیتے ہوئے 5 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔ اُنھیں جیل میں زائداز ڈھائی ماہ گزارنے کے بعد سپریم کورٹ نے ضمانت عطا کردی تھی۔ لالو پرساد رانچی میں چارہ اسکام کے مزید تین کیسوں میں ملزم ہیں، جن کا تعلق ڈمکا ٹریژری سے 3.97 کروڑ روپئے، چائیباسا ٹریژری سے 36 کروڑ اور دورانڈا سرکاری خزانے سے 184 کروڑ روپئے کے تغلب سے ہے۔

TOPPOPULARRECENT