Monday , June 25 2018
Home / سیاسیات / لالو پرساد کے ایک اور داماد کو ای ڈی کا سمن

لالو پرساد کے ایک اور داماد کو ای ڈی کا سمن

آج پیشی کی ہدایت، ریلوے ہوٹلس الاٹمنٹ کرپشن کیس میں تحقیقاتی ایجنسی کا اقدام
نئی دہلی ۔ 16 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) انفورسمنٹ ڈائرکٹریٹ (ای ڈی) نے اب آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد یادو کے ایک اور داماد راہول یادو کو ریلوے ہوٹلس الاٹمنٹ کرپشن کیس میں غیرقانونی رقمی لین دین کی اپنی جاریہ تحقیقات کے سلسلہ میں طلب کیا ہے، سرکاری ذرائع نے آج یہ بات کہی۔ لالو پرساد فیملی کیلئے نئی پریشانی آئی ہے کیونکہ ایجنسی نے بتایا جاتا ہیکہ راہول یادو کی طرف سے اپنی خوشدامن اور لالو پرساد کی اہلیہ رابڑی دیوی کو فنڈس کی مشتبہ منتقلی کا پتہ چلایا ہے۔ راہول یادو لالو پرساد کی چوتھی بیٹی راگنی کا شوہر ہے۔ راہول کو اس کیس کے تحقیقاتی آفیسر کے روبرو کل یہاں حلفیہ بیان دینے کیلئے سمن جاری کیا گیا ہے۔ ای ڈی پہلے ہی لالو پرساد کے دیگر داماد شیلیش کمار (لالو پرساد کی بڑی بیٹی میسابھارتی کاشوہر) کے خلاف اسی طرح کے علحدہ کیس میں تحقیقات کررہا ہے۔ اس معاملہ میں جو کمپنی کا نام سامنے آیا ہے اس کا تعلق میسا اور شیلیش کمار سے میسا بھارتی راشٹریہ جنتادل (آر جے ڈی) کی راجیہ سبھا ایم پی ہے۔ تازہ سمن کے تعلق سے ای ڈی نے کہا کہ وہ راہول یادو سے تقریباً ایک کروڑ روپئے کے فنڈس کی منتقلی کے تعلق سے راحت چاہتا ہے۔ علاوہ ازیں بعض دیگر سوالات کے جواب بھی مطلوب ہے جو اس کیس میں مشتبہ سرگرمی کی وجہ سے مشکوک کمپنی ڈیلائٹ مارکٹنگ سے متعلق ہے۔ مرکزی تحقیقاتی ایجنسی قبل ازیں اس کیس میں رابڑی دیوی اور ان کے فرزند تیجسوی یادو سے پوچھ تاچھ کرچکی ہے۔ تیجسوی یادو حالیہ عرصہ تک بہار میں چیف منسٹر نتیش کمار زیرقیادت حکومت میں ڈپٹی چیف منسٹر تھے۔ نتیش کمار نے بعد میں آر جے ڈی کے ساتھ اتحاد توڑتے ہوئے بی جے پی کے ساتھ مل کر حکومت بنا لی۔

TOPPOPULARRECENT