Saturday , April 21 2018
Home / Top Stories / لالو پرساد یادو کے بڑے بیٹے تیج پرتاب کی ایشوریہ رائے سے شادی

لالو پرساد یادو کے بڑے بیٹے تیج پرتاب کی ایشوریہ رائے سے شادی

پٹنہ ۔ /6 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) جیل میں محروس آرجے ڈی سربراہ لالو پرساد یادو کے بڑے بیٹے تیج پرتاب یادو کی شادی آئندہ ماہ ایشوریہ رائے سے مقرر ہے ۔ سابق چیف منسٹر بہار سی ایم داروغہ رائے کی پوتری اور آر جے ڈی کے سینئر لیڈر رکن اسمبلی چندریکا رائے کی دختر ایشوریہ رائے ایم بی اے کی طالبہ ہیں ۔ /18 اپریل کو ان دونوں کی منگنی کی رسم ہوگی اور /12 مئی کو شادی کی تاریخ مقرر کی گئی ہے ۔ شادی کا مقام پٹنہ ویٹرنری کالج گراؤنڈ ہوگا ۔ یہ وہی مقام ہے جہاں ڈپٹی چیف منسٹر سشیل مودی نے اپنے فرزند کی شادی کیلئے مقرر کیا تھا لیکن تیج پرتاب یادو کی جانب سے دھمکیاں ملنے کے بعد مقام بدل دیا گیا ۔ ایشوریہ رائے نے پٹنہ کے اسکول سے تعلیم حاصل کی اور دہلی یونیورسٹی سے گریجویشن کیا ۔ انہیں ورلڈ بینک سے ملازمت کی پیشکش کے باوجود انہوں نے کام کرنے میں دلچسپی ظاہر نہیں کی ۔ تیج پرتاب کی شادی 2014 ء کے بعد لالو پرساد کے خاندان میں سب سے بڑی شادی ہوگی جبکہ آر جے ڈی صدر کی سب سے چھوٹی دختر راج لکشمی کی شادی سماج وادی پارٹی کے بانی ملائم سنگھ یادو کے بھتیجے سے ہوئی تھی ۔ تیج پرتاب کی یہ شادی بہار میں سیاسی جنگ کا نکتہ آغاز ہوگی ۔ کیونکہ ڈسمبر 2017 ء میں بہار کے موتی ہاری میں ایک ریالی کے دوران تیج پرتاب نے چیف منسٹر نتیش کمارپر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ ایک دھوکہ باز دلہنیا سے شادی کرنا نہیں چاہتے ۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ بہار کے بی جے پی صدر سشیل مودی جن کے فرزندکی شادی کا تیج پرتاب یادو نے بائیکاٹ کیا تھا انہوں نے ہی تیج پرتاب کیلئے مناسب جوڑا تلاش کرنے میں رابڑی دیوی کی مدد کی ہے ۔ بہرحال تیج پرتاب نے خود مودی انکل سے درخواست کی تھی کہ وہ ان کے لئے مناسب دلہن تلاش کریں ۔

TOPPOPULARRECENT