Monday , November 20 2017
Home / جرائم و حادثات / لاٹری میں سونا جیتنے کا دعویٰ

لاٹری میں سونا جیتنے کا دعویٰ

ہائی ٹیک دھوکہ باز گرفتار، ٹیلی کالرس کے ذریعہ عوام کو جھانسہ
حیدرآباد 18 فروری (سیاست نیوز) لاٹری میں سونا جیتنے کا جھانسہ دے کر کروڑہا روپئے ہڑپنے والے ہائی ٹیک دھوکہ باز کو سنٹرل کرائم اسٹیشن کی سائبر کرائم پولیس نے گرفتار کرلیا۔ جوائنٹ کمشنر آف پولیس سنٹرل کرائم اسٹیشن مسٹر ٹی پربھاکر راؤ نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ 29 سالہ ٹی ویرا بھدرا راؤ شہر کے پاش علاقہ بنجارہ ہلز روڈ نمبر 12 میں پلانٹ آئی ٹریڈرس کے نام سے ادارہ چلاتا تھا اور اس ادارہ کے نام سے اُس نے کروڑہا روپئے کی دھوکہ بازی کی۔ انھوں نے بتایا کہ ویرا بھدرا راؤ ایم بی اے کی تعلیم حاصل کرنے کے بعد مذکورہ ادارہ قائم کیا اور 5 خاتون ٹیلی کالرس کے ذریعہ سینکڑوں افراد کو بذریعہ فون اُنھیں لاٹری میں 6 ہزار روپئے مالیتی تین گرام سونا جیتنے کی اطلاع دیتے ہوئے اسے حاصل کرنے کے لئے 642 روپئے کا منی آرڈر بھیجنے پر زور دیا جاتا تھا۔ کئی افراد اس دھوکہ باز کے جھانسہ میں آکر اسے مذکورہ رقم منی آرڈر کردیتے جس کے عوض وہ 20 روپئے مالیتی مصنوعی موتیوں کا سیٹ بذریعہ وی پی ایل پارسل سرویس بھیجا کرتا۔ بڑے پیمانہ پر دھوکہ بازی میں ملوث ہونے کے بعد اُس نے اپنے کاروبار کو مزید توسیع دیتے ہوئے 20 خاتون ٹیلی کالرس کو ملازم رکھ کر Quikr اور Olx ویب سائیٹ سے سینکڑوں فون نمبرات حاصل کرتے ہوئے اُن سے رابطہ قائم کرکے دھوکہ دیا کرتا۔ مسٹر پربھاکر راؤ نے بتایا کہ اِس دھوکہ دہی کے ذریعہ ویرا بھدرا راؤ نے ملک بھر میں سینکڑوں افراد کو دھوکہ دیا ہے جس کے ذریعہ4  کروڑ کی رقم حاصل کی۔ 17 فروری کو بالانگر کے بی سریکانت نے اس دھوکہ دہی کی شکایت درج کروائی جس پر سائبر کرائم نے فوری حرکت میں آتے ہوئے دھوکہ باز کو گرفتار کرلیا۔ دھاوے کے دوران پولیس نے 30 سم کارڈس ، موتیوں کے مصنوعی سیٹس، بینک کھاتوں کے پاس بُکس اور دیگر اشیاء برآمد کئے۔

TOPPOPULARRECENT