Monday , June 18 2018
Home / دنیا / لاپتہ طیارہ کا راز شاید راز ہی رہ جائے : ملائیشیائی پولیس

لاپتہ طیارہ کا راز شاید راز ہی رہ جائے : ملائیشیائی پولیس

کوالالمپور ؍ پرتھ، 2 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ملائیشیا نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اس کے لاپتہ طیارہ ایم ایچ 370 کے غائب ہونے کا راز شاید کبھی سامنے نہ آ سکے اور یہ سربستہ راز ہی رہ جائے۔ دریں اثنا ملائیشیا کے وزیر اعظم نجیب رزاق طیارہ کی تلاش کے سلسلے میں آسٹریلیا میں اجلاس کیلئے روانہ ہورہے ہیں۔ تاہم ملائیشیا کے پولیس چیف نے کہا ہے کہ اس مع

کوالالمپور ؍ پرتھ، 2 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ملائیشیا نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اس کے لاپتہ طیارہ ایم ایچ 370 کے غائب ہونے کا راز شاید کبھی سامنے نہ آ سکے اور یہ سربستہ راز ہی رہ جائے۔ دریں اثنا ملائیشیا کے وزیر اعظم نجیب رزاق طیارہ کی تلاش کے سلسلے میں آسٹریلیا میں اجلاس کیلئے روانہ ہورہے ہیں۔ تاہم ملائیشیا کے پولیس چیف نے کہا ہے کہ اس معاملے کی تفتیش جاری رہے گی۔ منگل کو دس طیارے اور نو بحری جہاز بحرہند کے جنوب میں تلاش میں کوشاں رہے۔ دریں اثنا تلاش کے کام میں ایک برطانوی آبدوز بھی شامل ہو گئی ہے۔ کوالالمپور سے بیجنگ جانے والا یہ مسافر بردار طیارہ 8 مارچ کو لاپتہ ہو گیا تھا۔ اس پر 239 افراد سوار تھے۔

ان مسافروں میں سے دو تہائی تعداد چینی باشندوں کی تھی۔ وزیر اعظم رزاق جنوبی آسٹریلیا کے شہر پرتھ میں چہارشنبہ کی شام کو پہنچ رہے ہیں۔ وہ نئے جوائنٹ ایجنسی کوارڈینیشن سنٹر (جے اے سی سی ) کا دورہ کریں گے۔ جے اے سی سی جنوبی بحر ہند میں تلاش کی سربراہی کر رہا ہے۔ وہ میزبان وزیر اعظم ٹونی ایبٹ اور ریٹائرڈ ایئر چیف مارشل اینگس ہوسٹن سے بھی ملاقات کریں گے۔ ہوسٹن جے اے سی سی کے سربراہ ہیں۔ دریں اثنا ملائیشیائی پولیس چیف خالد ابوبکر نے کہا ہے، ’’اس سلسلے میں مجرمانہ پہلوؤں کی جانچ جاری رہے گی۔ ہمیں تمام چیزوں کی وضاحت کرنی ہے‘‘۔ انھوں نے کہا: ’’یہ عین ممکن ہے کہ جانچ کے خاتمے پر ہمیں اصل وجہ کا پتہ نہ چلے، یہاں تک کہ ہم اس واقعے کی وجہ سے بھی لاعلم رہ جائیں۔

‘‘ بہرحال انھوں نے کہا کہ اس طیارہ پر موجود پائلٹ اور عملے کے اہل خانہ کے 170 افراد سے بات چیت کی گئی ہے یہاں تک کہ طیارہ میں موجود ساز و سامان اور کھانے کے بارے میں بھی جانچ کی جا رہی ہے تاکہ سبوتاج کی کسی کوشش کا پتہ چل سکے۔ جے اے سی سی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ تلاش کا دائرہ 2.25 لاکھ مربع کلو میٹر پر محیط تھا لیکن ابر آلود موسم، سمندری کہرے اور سمندری طوفان کے سبب تلاش کرنے والے طیاروں کے دیکھنے کی صلاحیت متاثر ہوئی ہے۔ منگل کو ملائیشیائی حکام نے کوالالمپور کی ایئر ٹریفک کے ساتھ لاپتہ طیارہ ایم ایچ 370 کی بات کی مکمل تفصیل جاری کی تھی۔ ان کا کہنا ہے کہ اس میں کوئی غیرمعمولی بات کی نشاندہی نہیں کی جا سکی ہے۔

روہنگیا مسلمانوں کو مردم شماری
میں شامل نہ کرنے پر تنقید
اقوام متحدہ ، 2 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) اقوام متحدہ نے میانمار کی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے ملکی مردم شماری میں روہنگیا مسلمان آبادی کو شامل نہ کرنے پر ’’گہری تشویش‘‘ کا اظہار کیا ہے۔ اقوام متحدہ اس مردم شماری میں میانمار کی حکومت کی معاونت کر رہا ہے۔ میانمار کی روہنگیا آبادی اور میانمار میں بودھ مت کے پیروکاروں کے درمیان کافی عرصے سے تنازعہ جاری ہے۔ گزشتہ برس روہنگیا اور بودھ مت کے ماننے والوں کے درمیان پر تشدد جھڑپوں میں بہت سے افراد کو جان سے ہاتھ دھونا پڑا تھا۔

TOPPOPULARRECENT