Monday , December 18 2017
Home / کھیل کی خبریں / لاہور میں مقابلہ سیکیورٹی سے مشروط :سری لنکا

لاہور میں مقابلہ سیکیورٹی سے مشروط :سری لنکا

کولمبو ۔23 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام ) سری لنکا کرکٹ بورڈ نے کہا ہے کہ سیکیورٹی انتظامات کے مزید جائزے کے بعد ٹیم کو ٹوئنٹی20 میچ کے لیے پاکستان روانہ کیا جائے گا۔سری لنکن بورڈ کے چیف ایگزیکٹو ایشلے ڈی سلوا نے کہا کہ حکام متحدہ عرب امارات (یو اے ای) سے پاکستان میں سیکیورٹی انتظامات کی نگرانی جاری رکھیں گے، جہاں پاکستان اور سری لنکا کی ٹیموں کے درمیان 2 ٹسٹ میچز، 5 ونڈے اور 2 ٹوئنٹی20 میچز کھیلے جائیں گے۔ دونوں ٹیموں کے مابین تیسرا اور آخری ٹوئنٹی 20 میچ لاہور میں منعقد شدنی ہے، جہاں2009 میں سری لنکائی کھلاڑیوں کو لے جانے والی بس پر حملہ کیا گیا تھا، جس کے نتیجے میں کچھ پاکستانی سیکیورٹی عہدیدار جاں بحق جبکہ 2 سری لنکائی کھلاڑی زخمی ہوگئے تھے۔ سری لنکن کرکٹ کے چیف ایگزیکٹو ایشلے ڈی سلوا کے مطابق 29 اکتوبر کو میچ کے لیے قطعی فیصلہ سے قبل سیکیورٹی کا جائزہ لینے کے لیے ایک عہدیدار کو دو ہفتے قبل لاہور بھیجا جائے گا۔سری لنکا کے کھلاڑی دنیش چندی مل نے کہا کہ دورہ پاکستان تمام کھلاڑیوں کا مشترکہ فیصلہ ہوگا اور اس حوالے سے مزید بات چیت کی جائے گی۔ رواں ماہ پاکستان میں کھیلنے والے ورلڈ الیون ٹیم میں شامل ان کے ساتھی تھیسارا پریرا نے سیکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

TOPPOPULARRECENT