Friday , May 25 2018
Home / ہندوستان / لداخ شاہراہ موسم سرما کے مہینوں کے لئے بند

لداخ شاہراہ موسم سرما کے مہینوں کے لئے بند

سری نگر، 10 دسمبر (سیاست ڈاٹ کام) خطہ لداخ کو وادی کشمیر کے ساتھ جوڑنے والی 434 کلو میٹر طویل سری نگر لیہہ قومی شاہراہ کو سرکاری طور پر موسم سرما کے مہینوں کے لئے بند کردیا گیا ہے ۔یہ شاہراہ اب قریب پانچ ماہ تک بند رہنے کے بعد اگلے سال اپریل کے اواخر یا مئی کے اوائل میں کھولی جائے گی۔ایک ٹریفک پولیس عہدیدار نے یو این آئی کو بتایا ‘سری نگر لیہہ قومی شاہراہ اتوار کے روز سے تاحکم ثانی بند رہے گی۔ اسے موسم سرما کے کٹھن ایام کے آغاز کے پیش نظر احتیاطی طور پر بند کیا گیا ہے ‘۔انہوں نے بتایا کہ سونہ مرگ سے دراس تک شاہراہ کے مختلف مقامات پر سے ٹریفک پولیس اہلکاروں کی تعیناتی ہٹالی گئی ہے ۔ مذکورہ عہدیدار نے بتایا’ شاہراہ ہر سال موسم سرما کے کٹھن ایام کے دوران سونہ مرگ سے مین مرگ دراس تک بند رہتی ہے ۔شاہراہ کے اس حصے پر موسم سرما کے دوران دس سے پندرہ فٹ برف کھڑی ہوجاتی ہے ‘۔ انہوں نے بتایا کہ سری نگر سے سونہ مرگ اور زوجیلا کی دوسری جانب کرگل سے لیہہ تک قومی شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت معمول کے مطابق جاری رہے گی۔دریں اثنا وادی کو زمینی راستے سے بیرون دنیا سے جوڑنے والی سری نگر جموں قومی شاہراہ اور مغل روڑ پر گاڑیوں کی آمدورفت معمول کے مطابق جاری ہے ۔محکمہ موسمیات نے ریاست میں 11 سے 15 دسمبر کے درمیان شدید برف باری اور بارش کی پیشن گوئی کر رکھی ہے ۔ اس ممکنہ برف باری سے وادی کا بیرونی دنیا سے زمینی اور فضائی رابطہ منقطع ہوسکتا ہے ۔بھاری برف باری اور بارشوں کی پیشن گوئی کے سبب چیف منسٹر محبوبہ مفتی نے صوبائی انتظامیہ کشمیر کو ہدایت دی ہے کہ وہ تیاری کی حالت میں رہیں اور ناخوشگوار موسمی حالت کے دوران صورتحال کا مقابلہ کرنے کے لئے فعال کردار ادا کریں۔چیف منسٹر نے پی ڈی ڈی، آر اینڈ بی، ایم ای ڈی، یو ایل بی، پی ایچ ای، صحت اور دیگر محکموں کو ہدایت دی کہ وہ متحرک ہوجائیں اور افرادی قوت و مشینری کو پہلے سے ہی کام پر لگائیں۔

TOPPOPULARRECENT