Saturday , December 16 2017
Home / سیاسیات / للت مودی کے ساتھ رقمی لین دین کا انکشاف کیا جائے

للت مودی کے ساتھ رقمی لین دین کا انکشاف کیا جائے

پارلیمنٹ کی کارروائی بحال ہونے کیلئے سشما سوراج سے راہول گاندھی کا سوال
نئی دہلی 10 اگست ( سیاست ڈاٹ کام )راہول گاندھی نے آج کہا کہ کانگریس پارلیمنٹ کی کارروائی چلنے کی اس وقت اجازت دے گی جب وزیر امور خارجہ سشما سوراج اپنے ارکان خاندان کے للت مودی کے ساتھ رقمی لین دین کا انکشاف کریں ۔ انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی پر بھی شدید تنقید کی جنہوں نے چیف منسٹر راجستھان و مدھیہ پردیش کی ستائش کی ہے اور ان کی غیر قانونی ‘سرگرمیوں پر خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں۔ کانگریس نائب صدر نے سشما سوراج کو شدید تنقیدوں کا نشانہ بنایا جو للت مودی کے ساتھ خفیہ طور پر انتہائی رحمدل اور خیر خواہ ہیں جبکہ للت مودی کو انہوں نے مجرم قرار دیا اور سشما سوراج سے کہا کہ وہ عوام کے سامنے یہ انکشاف کریں کہ سابق آئی پی ایل سربراہ سے ان کے اور ارکان خاندان کے بینک اکاونٹس میں کتنی رقم وصول ہوئی ہے۔ راہول گاندھی نے کہا ہم بھی اس بات سے اتفاق کرتے ہیں کہ پارلیمنٹ کی کارروائی چلنی چاہئے لیکن ہم نے ایک بنیادی مسئلہ اٹھایا ہے۔ہم بار بار یہ بات کہہ رہے ہیں کہ سشما سوراج جی‘چیف منسٹر راجستھان اور چیف منسٹر مدھیہ پردیش نے بعض معاملات میں غیر قانونی کام کئے ہیں۔ مدھیہ پردیش میں قتل ہورہے ہیں اور ہمارے وزیر اعظم ان پر تبصرہ کرنا بھی ضروری نہیں سمجھتے۔ مودی نے ان چیف منسٹرس کی سراہنا کی ہے اور اس حقیقت کو نظر انداز کردیا کہ ان کے چیف منسٹر نے مدھیہ پردیش میں ہزاروں افراد کے مستقبل کو تباہ کیا ہے۔ اسی طرح وزیر اعظم مودی نے اس حقیقت کو بھی نظر انداز کردیا کہ ایک مجرم اور ان کے چیف منسٹر راجستھان کے مابین گٹھ جوڑ ہے۔ راہول گاندھی نے آج یہ بات اس وقت کہی جبکہ پارلیمنٹ میں کانگریس کے احتجاج کی وجہ سے تعطل آج بھی برقرار رہا۔ وزیر امور خارجہ سشما سوراج کو نشانہ بناتے ہوئے راہول گاندھی نے کہا کہ پارلیمنٹ میں ان کی تقریر سن کر کافی اچھا لگا کہ کس طرح ایک شخص کو للت مودی کا ہمدرد اور بہی خواہ ہونا چاہئے اور کس طرح ان کی مدد کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ جب آپ کسی سے ہمدردی کرتی ہیں اور کسی پر رقم خرچ کرتی ہیں تو یہ سب خفیہ طور پر کیوں کیا جارہا ہے۔ ساری وزارت کو اس سے واقف کیوں نہیں کرایاگیا۔ سارے ملک سے یہ کیوں نہ کہا گیا کہ وہ ایسا کررہی ہیں۔ کانگریس نائب صدر نے کہا کہ انہوں نے سشما سوراج سے صرف ایک ہی سوال پوچھا کہ کیا ان کی اور ارکان خاندان کی للت مودی کے ساتھ رقمی لین دین ہوئی ہے آپ کو ملک کے عوام کے سامنے اس کی وضاحت کرنی ہوگی۔ آپ مہربانی کر کے یہ جواب دیں اور ایوان کی کارروائی بحال ہوجائے گی۔

TOPPOPULARRECENT