Wednesday , November 21 2018
Home / Top Stories / لنگایت کو مذہبی اقلیت کی تجویز یدی یورپا کو روکنے کی کوشش

لنگایت کو مذہبی اقلیت کی تجویز یدی یورپا کو روکنے کی کوشش

قومی صدر بی جے پی امیت شاہ کا ریاستی سدارامیا حکومت پر الزام

تپتور (کرناٹک ) ۔ 26مارچ ۔(سیاست ڈاٹ کام) قومی صدر بی جے پی امیت شاہ نے آج دعویٰ کیا کہ سدارامیا حکومت کا لنگایت فرقہ کو مذہبی اقلیت کا موقف دینے کی سفارش کا مقصد بی ایس یدی یورپا کو چیف منسٹر بننے سے روکنے کی کوشش ہے ۔ وہ ناریل پیداوار کنندوں کے کنونشن سے خطاب کررہے تھے جس کے ذریعہ کرناٹک میں اُن کا دو روزہ انتخابی دورہ کا آغاز ہوا ۔ انھوں نے کہا کہ میں کرناٹک کے عوام سے کہہ دینا چاہتا ہوں کہ اگر بی جے پی اکثریت کے ساتھ کامیابی حاصل کرلے تو ہم یدی یورپا کو چیف منسٹر بنائیں گے کیونکہ وہ لنگایت فرقہ کے مرد آہن سمجھے جاتے ہیں۔ ریاستی کابینہ نے حال ہی میں مرکز کو یہ سفارش روانہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا کہ لنگایتوں اور ویرا شیوا لنگایتوں کو مذہبی اقلیت کا درجہ دیا جائے ۔ بی جے پی اس اقدام کو اپوزیشن کی جانب سے لنگایت ووٹ بینک پر قبضہ کی کوشش قرار دیتی ہے ۔ امیت شاہ نے کہا کہ صدر کانگریس راہول گاندھی کو پہلے سدارامیا پر اُنگلی اُٹھانا چاہئے کیونکہ اُنھوں نے عوام کو تقسیم کردیا ہے ۔ اس کے بعد بی جے پی پر انتشارپیدا کرنے کا الزام عائد کیا جاسکتا ہے ۔ انھوں نے کہاکہ سدارامیا کی تقسیم کرو اور حکومت کرو سیاست برطانویوں کا ورثہ ہے ۔ کانگریس چیف منسٹر یہی سیاست کررہے ہیں ۔ امیت شاہ نے سدارامیا حکومت پر یہ تجویز قبل ازیں پیش نہ کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ اُس نے لنگایتوں کو مذہبی اقلیت کا موقف اب تک کیوں نہیں دیا ؟ اور اب جبکہ ریاست میں انتخابات کا اعلان کیا جاچکا ہے ووٹ حاصل کرنے کیلئے وہ ایسی سفارش کررہے ہیں ۔ انھوں نے سدارامیا حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ حکومت ریاست میں کاشتکاروں کی خودکشیوں کو روکنے میں پوری طرح ناکام رہی ہے ۔ سدارامیا کے پانچ سالہ دور حکومت میں 3781 کاشتکار خودکشی کرچکے ہیں۔ وہ حکومت سے سوال کرنا چاہتے ہیں کہ ان واقعات کے لئے کون ذمہ دار ہے ؟ امیت شاہ نے کہاکہ کانگریس زیراقتدار ریاستوں میں کاشتکاروں کی خودکشی میں ہمیشہ اضافہ دیکھا جارہا ہے جبکہ بی جے پی زیراقتدار ریاستوں جیسے چھتیس گڑھ ، مدھیہ پردیش اور گجرات میں یہ انحطاط پذیر ہے ۔ انھوں نے کہا کہ اگر آپ یدی یورپا کو چیف منسٹر بنانے کیلئے ووٹ دیں تو وہ تیقن دیتے ہیں کہ کاشتکاروں کی خودکشیاں بند ہوجائیں گی ۔

TOPPOPULARRECENT