Thursday , November 23 2017
Home / کھیل کی خبریں / لودھا کمیٹی کی قابل عمل سفارشات پر عمل سے گریز نہیں ہوگا

لودھا کمیٹی کی قابل عمل سفارشات پر عمل سے گریز نہیں ہوگا

ٹیم انڈیا نئے کوچ کیلئے درخواستوں کی طلبی ۔ کرکٹ بورڈ کے نئے صدر انوراگ ٹھاکر کا اعلان
ممبئی 22 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) بی سی سی آئی کے نو منتخب صدر انوراگ ٹھاکر نے آج کہا کہ وہ بی سی سی آئی میں اصلاحات کے عمل کو آگے بڑھائیں گے اور انہوں نے واضح کیا کہ بورڈ سپریم کورٹ کی تقرر کردہ لودھا کمیٹی کی قابل عمل سفارشات پر عمل آوری سے گریز نہیں کریگا ۔ بی سی سی آئی صدارت قبول کرنے کے بعد میڈیا سے بات چیت میں ٹھاکر سے ان سفارشات سے متعلق کئی سوالات کئے گئے ۔ بورڈ نے اب تک ان سفارشات پر عمل آوری سے گریز کیا ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ متوقع صورتحال سے نمٹنے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جہاں کہیں کوئی چیلنج ہوتا ہے وہاں ایک موقع بھی ہوتا ہے ۔ یہ سب کچھ اپنے انداز پر منحصر ہے ۔ وہ سمجھتے ہیں کہ اس بار کچھ کردکھانے کا موقع ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم لودھا کمیٹی کی سفارشات سے فرار حاصل نہیں کرینگے ۔ تاہم ہم قابل عمل سفارشات کو استعمال کرنے کے حق میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لودھا کمیٹی کی سفارشات سے قبل ہی ہم نے اصلاحات کا عمل شروع کیا ہے ۔ ہم ملک کے مقبول ترین کھیل کے تئیں اپنی ذمہ داری کو سمجھتے ہیں۔ انوراگ ٹھاکر نے اس موقع پر کئی اعلانات کئے ۔ انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم کے چیف کوچ کے عہدہ کیلئے اشتہار دیا جائیگا اور درخواستیں 10 جون تک داخل کی جاسکیں گی ۔ انہوں نے سولار پیانلس کے استعمال کے ذریعہ واٹر ہارویسٹنگ کیلئے 100 کروڑ روپئے مختص کرنے کا اعلان کیا ۔ انہوں نے آئندہ پانچ سال کیلئے پانچ کروڑ روپئے کے کارپس فنڈ کے قیام کا اعلان کیا جس سے گونگے اور بہرے کرکٹرس کی مدد کی جائیگی ۔ سنتوش رنگنیکر کو نیا چیف فینانشیل آفیسر مقرر کیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ طالبات اور جسمانی معذور افراد کیلئے انٹرنیشنل میچس میں کم از کم 10 فیصد ٹکٹس مفت فراہم کئے جائیں گے ۔ جسمانی معذورین کیلئے خصوصی نشست والے علاقہ کو متعین کیا جائیگا ۔ ملک کے تمام اسٹیڈیم میں سیٹ نمبرس ہونگے تاکہ شائقین کو سہولت ہوسکے ۔ تمام ریاستی یونٹس فیس بک / ٹوئیٹر اکاؤنٹس شروع کرینگی اور ویب سائیٹ بھی شروع کی جائیں گی ۔ موبائیل کوچنگ ایپ کا آغاز کیا جائیگا ۔ ہندوستان کی خاتون کرکٹرس کیلئے سنٹرل کنٹراکٹس پر عمل کیا جائیگا ۔ اس کیلئے اندرون ایک ماہ تفصیلی رپورٹ طلب کی گئی ہے ۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT