Saturday , September 22 2018
Home / شہر کی خبریں / لولو گروپ کے حیدرآباد کے مضافات میں مختلف اداروں کے قیام کی تجویز

لولو گروپ کے حیدرآباد کے مضافات میں مختلف اداروں کے قیام کی تجویز

چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر کی کیرالا میں شادی کی تقریب میں شرکت، چیرمین لولو گروپ سے تبادلہ خیال

چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر کی کیرالا میں شادی کی تقریب میں شرکت، چیرمین لولو گروپ سے تبادلہ خیال
حیدرآباد۔/3جنوری، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ نے آج کیرالا کے تھریسور میں ممتاز صنعتکار اور دبئی میں مختلف تجارتی اداروں کے بانی جناب یوسف علی صدرنشین لولو گروپ کی دختر کی شادی کی تقریب میں شرکت کی۔ اس تقریب میں شرکت اور تلنگانہ میں لولو گروپ کی جانب سے سرمایہ کاری کے سلسلہ میں مذاکرات کیلئے چندر شیکھر راؤ کابینی رفقاء اور قریبی ساتھیوں کے ساتھ بطور خاص کیرالا روانہ ہوئے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ ٹی آر ایس کے رکن قانون ساز کونسل محمد سلیم کے لو لو گروپ کے صدرنشین یوسف علی سے قریبی روابط ہیں اور انہوں نے تلنگانہ میں کمپنی کی جانب سے سرمایہ کاری کے سلسلہ میں مساعی کی اور حالیہ عرصہ میں یوسف علی کو حیدرآباد مدعو کرتے ہوئے چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ سے ملاقات کا اہتمام کرایا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ لو لو گروپ کے صدرنشین نے کے سی آر اور ان کے رفقاء کی کیرالا آمد کے سلسلہ میں خصوصی طیارہ کا اہتمام کیا جس کے ذریعہ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی، ریاستی وزیر تملا ناگیشورراؤ، پارلیمنٹری سکریٹری جلگم وینکٹ راؤ، ارکان پارلیمنٹ کیشو راؤ، جتیندر ریڈی اور رکن قانون ساز کونسل محمد سلیم کل کیرالا روانہ ہوئے تھے۔ اطلاعات کے مطابق چیف منسٹر اور ان کے رفقاء نے آج شادی کی تقریب میں شرکت کی اور لو لو گروپ کے صدر نشین سے خصوصی ملاقات میں حیدرآباد میں ان کے تجارتی اداروں کے قیام کے مسئلہ پر تبادلہ خیال کیا۔ چیف منسٹر نے کیرالا میں لو لو گروپ کے شاپنگ مال، بزنس سنٹر اور دیگر اداروں کا معائنہ کیا اور ان کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ بتایا جاتا ہے کہ لو لو گروپ حیدرآباد اور مضافاتی علاقہ میں اپنے مختلف اداروں کے قیام کا منصوبہ رکھتا ہے۔ انہوں نے میٹ انٹگریشن پلانٹ، ویجیٹبل پریزرویشن پلانٹ، شاپنگ مال اور دیگر اداروں کے قیام کے سلسلہ میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری سے اتفاق کیا ہے۔ جناب یوسف علی کا تعلق کیرالا سے ہے اور کیرالا کے علاوہ دبئی میں ان کے تجارتی اداروں کا جال پھیلا ہوا ہے۔ کے سی آر اور ان کے رفقاء سے یوسف علی کی ملاقات حوصلہ افزاء رہی اور چیف منسٹر نے امید ظاہر کی کہ لولو گروپ حیدرآباد کی ترقی میں اپنی سرمایہ کاری کے ذریعہ اہم رول ادا کرے گا۔ شادی کی تقریب میں چیف منسٹر کیرالا وومن چانڈی کے علاوہ مرکزی و ریاستی وزراء اور مختلف عرب و خلیجی ممالک کی اہم شخصیتوں نے شرکت کی۔ حالیہ عرصہ میں تلنگانہ کے وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ نے دبئی کا دورہ کرتے ہوئے لولو گروپ کے صدرنشین سے ملاقات اور ان کے اداروں کا معائنہ کیا تھا۔ اطلاعات کے مطابق کے سی آر نے آج چیف منسٹر کیرالا وومن چانڈی سے بھی ملاقات کی اور کیرالا میں ترقیاتی اور فلاحی پروگراموں کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے نوقائم شدہ ریاست تلنگانہ کی تعمیر نو میں کیرالا حکومت سے تعاون کی خواہش کی۔ چیف منسٹر نے حکومت کیرالا کے مختلف سرکاری اداروں کا بھی معائنہ کیا۔ وہ رات میں قیام کے بعد کل صبح لولو گروپ کے صدر نشین یوسف علی کی قیامگاہ پر ناشتہ کے بعد حیدرآباد واپس ہوں گے۔دورہ میں شامل ڈپٹی چیف منسٹر محمود علی اور رکن قانون ساز کونسل محمد سلیم نے ’ سیاست‘ کو بتایا کہ چیف منسٹر کا دورہ انتہائی کامیاب رہا اور لولو گروپ نے تلنگانہ میں کئی اداروں کے قیام کے ذریعہ سرمایہ کاری سے اتفاق کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ لو لو گروپ کے اداروں کے قیام سے تلنگانہ میں روزگار کے مواقع میں اضافہ ہوگا۔

TOPPOPULARRECENT