Thursday , June 21 2018
Home / شہر کی خبریں / لوک سبھا و اسمبلیوں کے بیک وقت انتخابات 2024 سے قبل ممکن نہیں : کرشنا مورتی

لوک سبھا و اسمبلیوں کے بیک وقت انتخابات 2024 سے قبل ممکن نہیں : کرشنا مورتی

حیدرآباد 22 جنوری ( پی ٹی آئی ) سابق چیف الیکشن کمشنر مسٹر ٹی ایس کرشنا مورتی نے آج کہا کہ لوک سبھا اور اسمبلیوں کے انتخابات کا بیک وقت انعقاد 2024 سے قبل ممکن نہیں ہوسکے گا ۔ انہوں نے کہا کہ اسطرح کے عمل کیلئے دستوری ترمیم ضروری ہوتی ہے ۔ انہوں نے پی ٹی آئی سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حالانکہ بیک وقت انتخابات کے انعقاد کا خیال اچھا ہے ۔ ہر پانچ سال میں ایک مرتبہ انتخابات ہونے چاہئیں۔ واضح رہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے بارہا اس خیال کا اظہار کیا ہے کہ لوک سبھا اور اسمبلیوں کے انتخابات بیک وقت ہونے چاہئیں۔ مسٹر کرشنا مورتی نے سوال کیا کہ آیا ایسا ممکن ہے ؟ ۔ جب تک دستور میں ترمیم نہیں کی جاسکتی شائد ایسا ممکن نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ ہم اعتماد کے ووٹ کے معاملہ میں ویسٹ منسٹر سسٹم کی تقلید کرتے ہیں۔ اگر ہم امریکی نظام اختیار کریں جہاں مقررہ عاملہ ہے تو پھر حکومت کی معیاد بھی طئے شدہ ہوگی ۔ اگر کسی کو اعتماد کا ووٹ نہ بھی مل پائے تو ایوان میں کسی دوسرے کا انتخاب کرلیا جاتا ہے اور سابقہ حکومت مسلسل کام کرتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک اور متبادل یہ بھی ہے کہ تمام انتخابات کو ایک سال میں ہی کردیا جائے جس کی پارلیمانی اسٹانڈنگ کمیٹی نے سفارش کی ہے ۔ تاہم اس کیلئے بھی تفصیلی جائزہ کی ضرورت ہوگی اور اس پر عمل آوری کیلئے دستور میں ترمیم کرنی ہوگی ۔سابق چیفالیکشن کمشنر نے کہا کہ انتظامی نقطہ نظر سے اور پیسہ بچانے کیلئے بیک وقت انتخابات کا انعقاد اچھی بات ہے ۔ اسکے علاوہ فی الحال جو انتقامی سیاست چل رہی ہے ‘ جو ناشائستہ پروپگنڈہ اور مہم چل رہی ہے اور جو شخصی حملے ہو رہے ہیں ان میں کمی آئیگی کیونکہ سال بھر انتخابات کا نظام ختم ہوجائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ بیک وقت انتخابات کا انعقاد 2024 سے قبل ممکن نہیں ہوسکتا ۔

TOPPOPULARRECENT