Sunday , December 17 2017
Home / شہر کی خبریں / لُو لگنے سے اموات ، معاوضہ دیا جائے

لُو لگنے سے اموات ، معاوضہ دیا جائے

ہائی کورٹ کا تلنگانہ اور آندھرا پردیش حکومتوں کو مشورہ
حیدرآباد ۔ 19 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز) : ہائی کورٹ حیدرآباد نے تلنگانہ اور آندھرا پردیش کی حکومتوں سے کہا کہ وہ حکومتوں کی مختلف اسکیموں کے تحت کام کرنے والے افراد کے لو لگنے سے فوت ہونے پر ان کے لواحقین کو معاوضہ ادا کرنے پر غور کرے ۔ کارگذار چیف جسٹس دلیپ بی بھوسلے اور جسٹس پی نوین راؤ نے مفاد عامہ کی ایک درخواست کی سماعت کرتے ہوئے یہ تجویز پیش کی ۔ بنچ نے دونوں حکومتوں کے بیانات ریکارڈ کئے جن میں کہا گیا کہ وہ اپنی اپنی ریاست میں لو لگنے سے ہونے والی اموات کم کرنے کے اقدامات کریں گے ۔ تلنگانہ حکومت کے وکیل نے عدالت کو واقف کرایا کہ گرمی کی شدت کے پیش نظر اسکولس کو مقررہ وقت سے پہلے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ دوسرے اقدامات سے بھی واقف کرایا گیا ۔ آندھرا پردیش حکومت کے ایڈوکیٹ جنرل نے بھی گرمی سے راحت کے لیے حکومت کی طرف سے کئے گئے اقدامات کی تفصیل پیش کی ۔ تلنگانہ اور آندھرا پردیش کی حکومتوں نے عدالت کو بتایا کہ دن میں 12 بجے سے 3 بجے تک لیبرس کو کام کی اجازت نہیں ہے اور عوام کو مفت ایمرجنسی سرویس فراہم کی جارہی ہے ۔ شدید گرمی کے مضر اثرات سے عوام کو واقف کرنے کے لیے بھی اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ ہائی کورٹ نے دونوں ریاستوں کے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے درخواست کی یکسوئی کردی ۔۔

TOPPOPULARRECENT