Saturday , November 18 2017
Home / Top Stories / لڑکی نے اپنی زبان کاٹ کر بھگوان کو بھینٹ کردی!

لڑکی نے اپنی زبان کاٹ کر بھگوان کو بھینٹ کردی!

رائے گڑھ ، 21 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ایک گیارہ سالہ لڑکی نے اپنی زبان کاٹ لی اور اسے لارڈ شیوا کیلئے بھینٹ کردیا، عہدیداروں نے آج کہا کہ یہ واقعہ چھتیس گڑھ کے ضلع رائے گڑھ میں پیش آیا۔ رائے گڑھ سب ڈیویژنل مجسٹریٹ پرکاش ساروے نے بتایا کہ یہ واقعہ گزشتہ روز دوپہر میں رائے گڑھ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز سے لگ بھگ تین کیلومیٹر پر واقع موضع سنگیت رائے کی قدیم شیوا مندر میں پیش آیا۔ کسان بودھیشور سیدار کی بیٹی چمیلی نے شیو لنگ کے روبرو چاقو سے اپنی زبان کاٹ کر اس کا ٹکڑا جدا کردیا، جس کے بعد وہ بیہوش ہوکر گرپڑی۔ جب اسے ہوش آیا تو وہ پوجا کرنے لگی۔ ایس ڈی ایم نے کہا کہ جب پولیس اور ضلع حکام وہاں پہنچے تو گاؤں والوں نے انھیں لڑکی کو دواخانہ لے جانے سے روکتے ہوئے وجہ بتائی کہ وہ بھگوان کے آشیرواد سے کوئی طبی امداد کے بغیر ٹھیک ہوجائے گی۔ ایس ڈی ایم نے مزید کہا کہ وہ لڑکی ہنوز مندر میں ہے اور بطور احتیاط اس کیلئے طبی امداد یقینی بنانے کیلئے ایک ڈاکٹر کو متعین کردیا گیا ہے۔ چمیلی اپنے بچپن سے ہی مذہبی رسوم کی انجام دہی میں کافی دلچسپی لیتی رہی ہے اور اسے پڑھائی سے کچھ خاص شغف نہیں رہا ہے۔ لہٰذا اُس نے پانچویں جماعت کے بعد اسکول ترک کردیا۔ ہفتہ سے وہ مندر میں بیٹھی تھی اور گھر جانے آمادہ نہیں تھی۔ اس گاؤں کے سرپنچ گوپال نے پولیس کو بتایا کہ یہ لڑکی اب ٹھیک ہے۔ ایس ڈی ایم نے کہا کہ لوگ اس لڑکی کی جھلک دیکھنے کیلئے مندر پہنچ رہے ہیں مگر اس کی حرکت کے پس پردہ وجہ کا ہنوز پتہ چلانا ہے۔ گاؤں والوں نے کہا کہ ماضی میں بھی اس مندر میں تین واقعات پیش آئے، جہاں لڑکیوں نے اپنی زبانیں بھگوان شیوا کیلئے بھینٹ کردیئے ، اور دعویٰ کیا کہ یہ سب لڑکیاں کسی طبی علاج کے بغیر سنبھل گئیں۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT