Monday , June 25 2018
Home / شہر کی خبریں / لیبر اِصلاحات کا مقصد عام آدمی کی بہبود

لیبر اِصلاحات کا مقصد عام آدمی کی بہبود

حکومت محنت کش طبقے کے مفادات کو ملحوظ رکھے گی ، مرکزی وزیر لیبر بنڈارو دتاتریہ کا ادعا

حکومت محنت کش طبقے کے مفادات کو ملحوظ رکھے گی ، مرکزی وزیر لیبر بنڈارو دتاتریہ کا ادعا
حیدرآباد۔ 25 ڈسمبر (سیاست نیوز) این ڈی اے حکومت نے آج لیبر اصلاحات کی مدافعت کرتے ہوئے کہا کہ اس کا مقصد عام آدمی کی فلاح و بہبود ہے۔ ٹریڈ یونینوں سے خواہش کی گئی ہے کہ وہ محنت کش طبقہ کی بہتری کیلئے مثبت تجاویز پیش کریں۔ مرکزی وزیر لیبر بنڈارو دتاتریہ نے کہا کہ محنت کش طبقہ سے متعلق مسائل سے نمٹنے میں حکومت لیبر فورس کو اعتماد میں لے گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہمیشہ ٹریڈ یونین کے ساتھ رہے ہیں۔ انہوں نے ٹریڈ یونینوں کو مثبت تجاویز پیش کرنے کا مشورہ دیا اور کہا کہ حکومت جو بھی فیصلے کرے گی، وہ سہ فریقی ہوں گے اور محنت کش طبقہ کو اعتماد میں لیا جائے گا۔ انہوں نے محنت کش طبقہ سے خواہش کی ہے کہ وہ گمراہ کن اطلاع اور غلط اطلاعات پر توجہ نہ دیں۔ اصلاحات کا عمل جاری ہے اور اس کا مقصد کسی کو ضرر پہونچانا نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکز میں برسراقتدار بی جے پی حکومت ملک کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کیلئے پابند عہد ہے۔ مسٹر دتاتریہ آج ایمپلائیز اسٹیٹ انشورنس کارپوریشن کے زیراہتمام ’’یوم بہتر حکمرانی‘‘ پر راؤنڈ ٹیبل اجلاس سے مخاطب تھے۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم اٹل بہاری واجپائی اپنے دورِ حکمرانی میں ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کو یقینی بنانے کیلئے کافی جدوجہد کی چنانچہ موجودہ وزیراعظم نریندر مودی نے اٹل بہاری واجپائی کی یوم پیدائش کو ’’یوم بہترین حکمرانی‘‘ منانے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم عصری ٹیکنالوجی سے استفادہ کرتے ہوئے ملک کی ہمہ گیر ترقی کے خواہاں ہیں۔ وہ ’’میک اِن انڈیا‘‘ اور ’’اِسکل انڈیا‘‘ کے ذریعہ ملک کی ترقی چاہتے ہیں۔ انہوں نے حکومت کی فلاحی اسکیمات جیسے جن دھن یوجنا اور سوچھ بھارت مہم کا حوالہ دیا۔ بنڈارو دتاتریہ نے کہا کہ وزارت لیبر و ایمپلائمنٹ نے ’’شرم سویدھا پورٹل‘‘ تیار کیا ہے جسے عنقریب متعارف کیا جائے گا، اس کے تحت ورکرس کی تمام تفصیلات آن لائن دستیاب رہیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ یونیک لیبر آئیڈنٹفکیشن نمبر کے تحت تمام ڈیٹا اکٹھا کیا جائے گا اور اندرون 72 گھنٹے لیبر انسپکٹر کی جانب سے کمپیوٹرائزڈ انسپیکشن رپورٹ پیش کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ ملک بھر میں 7,40,850 یونٹس کو یہ یونیک نمبرس جاری کئے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ورکرس اور ایمپلائیز کو انشورنس کی سہولت بھی فراہم رہے گی۔ دتاتریہ نے طلبہ کو تعلیمی صلاحیتوں میں فروغ اور جدید ٹیکنالوجی کے شعبہ میں آگے آنے کا مشورہ دیا۔

TOPPOPULARRECENT