Thursday , November 23 2017
Home / ہندوستان / لیبیا میں اغوا شدہ ہندوستانی اساتذہ کے رشتہ داروں کی وزیراعظم اور سشما سوراج سے ملاقات

لیبیا میں اغوا شدہ ہندوستانی اساتذہ کے رشتہ داروں کی وزیراعظم اور سشما سوراج سے ملاقات

نئی دہلی ۔10اگست ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی اساتذہ جن کا دولت اسلامیہ دہشت گرد گروپ نے لیبیا میں اغوا کرلیا ہے ان کے رشتہ داروں نے آج وزیراعظم نریندر مودی اور وزیر خارجہ سشما سوراج سے ملاقات کر کے اغوا شدہ افراد کی جلد از جلد رہائی حاصل کرنے میں حکومت سے مدد دینے کی خواہش کی ۔ جن چار رشتہ داروں نے ملاقات کی ان میں دو حیدرآباد کے پروفیسرس گوپی کرشنا اور سی ایچ بلرام کی بیویاں بھی شامل ہیں ۔ ان دونوں اساتذہ کو دولت اسلامیہ نے 29جولائی سے یرغمال بنا رکھا ہے ۔ انہوں نے وزیر خارجہ سشما سوراج اور مرکزی وزیر برائے شہری ترقیات ایم وینکیا نائیڈو سے بھی ملاقات کی ۔ سی ایچ بلرام کی بیوی سری دیوی نے وزیراعظم کو ایک یادداشت مفاہمت پیش کی اور ان سے درخواست کی کہ رہائی کی کارروائی جاری ہے اور انہیں اس کارروائی کی شخصی طور پر نگرانی کرنی چاہیئے ۔ وزیر اعظم مودی نے ان سے کہا کہ انہیں اعتماد ہے اور اغوا شدہ اساتذہ کے رشتہ داروں کو بھی ناامید نہیں ہونا چاہیئے ۔ انہوں نے ارکان خاندان پر زور دیا کہ وہ پریشان نہ ہوں ۔ سری دیوی نے کہا کہ اگر ان کے شوہر کی عاجلانہ رہائی عمل میں آئے تو وہ حکومت کی مشکور ہوں گی ۔لیبیا میں ہندوستانی نژاد چار اساتذہ کو دولت اسلامیہ دہشت گرد گروپ نے اغواء کرکے یرغمال بنا لیا لیکن ان میں سے دو اساتذہ کو حال ہی میں رہا کیا گیا ہے جنہوں نے وطن واپسی پر دولت اسلامیہ کے ان سے اچھے سلوک کا تذکرہ کیا اور تیقن دیا کہ باقی اساتذہ بھی جلد ہی رہا ہوجائیں گے کیونکہ انہیں غلطی سے گرفتار کیا گیا ہے۔

TOPPOPULARRECENT