Tuesday , June 19 2018
Home / دنیا / لیبیا کے بین الاقوامی ایرپورٹ پر باغیوں کا حملہ ، 12 ہلاک

لیبیا کے بین الاقوامی ایرپورٹ پر باغیوں کا حملہ ، 12 ہلاک

طرابلس ۔ 16 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) لیبیا کے دارالحکومت طرابلس میں انٹرنیشنل ایرپورٹ پر باغیوں نے حملہ کردیا، جس کے نتیجہ میں 12 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے جبکہ دو مسافر طیاروں کو بھی نقصان پہنچا۔ غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق طرابلس کے مٹیگا انٹرنیشنل ایرپورٹ سے متصل فوجی اڈے میں قائم جیل سے اپنے ساتھیوں کو چھڑانے اور ایرپورٹ پر قبضے کے لئے باغیوں نے بھاری ہتھیاروں سے حملہ کیا۔ ایرپورٹ کی سیکوریٹی کی ذمہ داری ’’الردع خاصہ دار فورس‘‘ کے اہلکاروں اور حملہ آوروں کے درمیان شدید جھڑپیں شروع ہوگئیں اور ایرپورٹ آپریشن معطل کردیا گیا۔ اقوام متحدہ کی حمایت یافتہ حکومت جسے گورنمنٹ آف نیشنل اکارڈ (جی این اے) کہا جاتا ہے، اس کے ماتحت وزارت صحت نے اس بات کی تصدیق کی کہ حملے کے نتیجہ میں 12 افراد ہلاک اور 15 زخمی ہوئے جن میں سے 3 کی حالت تشویشناک ہے۔ الردع فورس نے اپنے بیان میں بتایا کہ باغیوں نے انٹرنیشنل ایرپورٹ میں قائم جیل سے اپنے ساتھیوں کو چھڑانے کیلئے حملہ کیا۔ اس جیل میں مختلف واقعات میں ملوث 2500 قیدی سزاء کاٹ رہے ہیں۔ لیبیا کی بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حکومت کی جانب سے جاری بیان میں حملے کی مذمت کی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ حملہ جیل سے داعش اور القاعدہ سے وابستہ دہشت گردوں کو چھڑانے کیلئے کیا گیا۔ بیان میں کہا گیا کہ حملے کے فوراً بعد ایرپورٹ کو خالی کرالیا گیا تھا اور فلائٹ آپریشن معطل کردیا گیا تھا تاہم اب ایرپورٹ اور اس سے متصل تمام اہم عمارتیں فورسز کے کنٹرول میں ہیں۔ خیال رہیکہ لیبیا میں حکومت کی حامی فورسز اور باغیوں کے درمیان اکثر جھڑپیں ہوتی رہتی ہیں۔ لیبیا میں بیک وقت دو متوازی حکومتیں چل رہی ہیں۔ بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حکومت گورنمنٹ آف نیشنل اکارڈ کی ہے جس کے چیرمین فائزالسراج ہیں جنہیں لیبیا کا وزیراعظم تسلیم کیا جاتا ہے۔ دوسری جانب جنرل نیشنل کانگریس کے چیرمین نوری ابوسہمین نے بھی طرابلس کے کچھ حصوں میں اپنی حکومت قائم کر رکھی ہے حالانکہ 2014ء کے عام انتخابات میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ 2014ء کے انتخابات کے بعد سے ہی لیبیا میں خانہ جنگی جاری ہے اور وہاں صرف مقامی ایرلائنز کی پروازیں ہی چلتی ہیں۔

TOPPOPULARRECENT