Sunday , January 21 2018
Home / کھیل کی خبریں / لیجنڈری بولر وسیم اکرم کی 48 ویں سالگرہ

لیجنڈری بولر وسیم اکرم کی 48 ویں سالگرہ

لاہور، 3 جون (سیاست ڈاٹ کام) عظیم پاکستانی بولر وسیم اکرم 48 برس کے ہو گئے، کرکٹ کی دنیا پر کئی سال راج کرنے کے بعد اب شائقین ان کے تجزیے اور تبصرے سے محظوظ ہوتے ہیں۔ پاکستان کے لیجنڈری بولر اکرم اب بھی بے پناہ مصروف ہیں۔ ابھی دو دن پہلے ہی اکرم نے بطور بولنگ کوچ کولکاتا نائٹ رائیڈرز کی آئی پی ایل 7 میں فتح کا جشن منایا اور آج وہ اپنی 48 ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔ اپنی دھواں دھار اور ’پھرکی‘ کی طرح گھومتی ہوئی گیندوں سے پاکستانی بولنگ کو بلندی پر لے جانے والے اکرم 3 جون 1966ء کو لاہور میں پیدا ہوئے۔ سوئنگنگ یارکرز پر ملکہ حاصل کر کے سوئنگ کے سلطان کا خطاب پانے والے اکرم نے 1985ء میں نیوزی لینڈ کے خلاف اپنے ٹسٹ کیرئیر کی شروعات کی اور مجموعی طور پر 104 ٹسٹ اور 356 ون ڈے میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کی۔ ون ڈے کرکٹ میں بھی سوئنگ کے سلطان کا طوطی بولتا رہا، وہ او ڈی آئی میں 500 وکٹیں لینے والے پہلے بولر بنے۔ 19 برس کے کیرئیر میں اکرم نے بولنگ کے ساتھ ساتھ بیٹنگ میں بھی اپنا نام بنایا۔ انہوں نے ون ڈے مقابلوں میں 3717 اور ٹسٹ میں 2898 رنز بنائے۔ 1992ء کے ورلڈ کپ میں پاکستان کی کامیابی میں وسیم اکرم کا کردار کوئی نہیں بھلا سکتا۔ 2003ء میں کرکٹ کو الوداع کہنے کے بعد اکرم نے کمنٹری شروع کی۔ 2009ء میں وسیم اکرم کو آئی سی سی ہال آف فیم میں بھی شامل کیا گیا۔

TOPPOPULARRECENT