Friday , September 21 2018
Home / Top Stories / لیفٹننٹ گورنر کے دفتر میں کجریوال کا دھرنا ختم

لیفٹننٹ گورنر کے دفتر میں کجریوال کا دھرنا ختم

آئی اے ایس افسران سے بات چیت کرنے انیل بائیجال کی ہدایت
نئی دہلی 19 جون (سیاست ڈاٹ کام) دہلی کے چیف منسٹر اروند کجریوال نے لیفٹننٹ گورنر کے دفتر پر 9 دن سے جاری اپنا دھرنا آج ختم کردیا۔ ڈپٹی چیف منسٹر منیش سیسوڈیا نے کہاکہ عام آدمی پارٹی کے وزراء کے اجلاسوں میں آئی اے ایس افسران اور دیگر اعلیٰ سرکاری عہدیداروں کی شرکت کے آغاز کے بعد چیف منسٹر نے لیفٹننٹ گورنر میں جاری اپنا احتجاج ختم کردیا ہے۔ سیسوڈیا نے کہاکہ آئی اے ایس افسران نے آج دن میں منعقدہ متعدد اجلاسوں میں شرکت کی۔ واضح رہے کہ فروری کے دوران چیف منسٹر کجریوال کی رہائش گاہ پر منعقدہ اجلاس میں چیف سکریٹری انشو پرکاش پر مبینہ حملے کے بعد اعلیٰ سرکاری افسران برہمی کے ساتھ عام آدمی پارٹی حکومت کے خلاف صف آراء ہوچکے تھے۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے اخباری نمائندوں سے کہاکہ ’’اروند کجریوال اب لیفٹننٹ گورنر کے دفتر سے باہر نکل رہے ہیں۔ یہ کوئی دھرنا نہیں تھا۔ بلکہ ہم لیفٹننٹ گورنر سے ملاقات کے لئے انتظار کررہے تھے‘‘۔ قبل ازیں لیفٹننٹ گورنر انیل بائیجال نے اپنے دفتر میں 9 دن سے بیٹھے ہوئے اروند کجریوال کے نام اپنے مکتوب میں اُنھیں فی الفور افسران سے ملاقات کرتے ہوئے بات چیت کے ذریعہ دونوں فریقوں کے مسائل حل کرنے کا مشورہ دیا تھا۔ ڈپٹی چیف منسٹر منیش سیسوڈیا کے مکتوب کے جواب میں بائجال نے مکتوب ارسال کیا ہے۔ سیسوڈیا نے اس تعطل کو ختم کرنے کے لئے حکومت اور آئی اے ایس افسران کے مابین فی الفور بات چیت کی خواہش کی تھی۔

TOPPOPULARRECENT