لیہہ میں چین کی در اندازی ‘ عام شہریوں کو منتقل کردیا گیا

نئی دہلی 15 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) چین کی جانب سے ہندوستان میں ایک بار پھر در اندازی ہوئی ہے ۔ صدر چین ژی جن پنگ کے دورہ ہندوستان پر آمد سے چند دن قبل ہی چین کی افواج نے لداخ میں ڈیمچوک علاقہ میں اپنے عام شہریوں کو پہونچا دیا ہے جہاں وہ آبپاشی پراجیکٹس پر کام کرنے سے مقامی افراد کو روک رہے ہیں۔ کہا گیا ہے کہ گذشتہ ایک ہفتے سے چین کی جانب سے ڈیمچوک میں ہندوستان کو آبپاشی پراجیکٹ پر کام کرنے سے روکا جا رہا ہے ۔ لیہہ کے ضلع کلکٹر ایس ایس گل نے میڈیا کو بتایا کہ چین کی فوج نے بھاری تعداد میں چینی شہریوں کو اپنی گاڑیوں میں یہاں پہونچا دیا ہے جہاں ڈیم کی تعمیر چل رہی ہے ۔ کہا گیا ہے کہ چین کے شہریوں نے یہاں اپنے ٹینٹس بھی نصب کردئے ہیں۔ یہ سب کچھ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب چین کے صدر ژی جن پنگ ہندوستان کے تین روزہ دورہ پر آنے والے ہیں۔ ان کا دورہ 17 ستمبر سے شروع ہوگا ۔ ہندوستان نے اس واقعہ کو زیادہ اہمیت دینے سے انکار کیا ہے اور کہا ہے کہ سرحدی مسئلہ پر چین کے صدر کے دورہ کے موقع پر بات چیت کی جائیگی ۔

TOPPOPULARRECENT