Thursday , January 18 2018
Home / Top Stories / مادری زبان سے دوری اختیار کرنے والی قوم اپنے وجود سے محروم ہوگی

مادری زبان سے دوری اختیار کرنے والی قوم اپنے وجود سے محروم ہوگی

تلگو داں عوام پر انگریزی کا بخار افسوسناک ، ورلڈ تلگو کانفرنس سے نائب صدر جمہوریہ کا خطاب
محمد نعیم وجاہت
حیدرآباد /5 ڈسمبرنائب صدر جمہوریہ ایم وینکیا نائیڈو نے کہا کہ تلگوداں عوام پر انگریزی کا بخار چڑھا ہوا ہے ۔ جو قوم اپنی مادری زبان سے دوری اختیار کرتی ہے ۔ اس کا وجود خطرے میں پڑھ جاتا ہے ۔ جب تلنگانہ میں اردو سرکاری زبان تھی تب تلگوداں عوام 50 فیصد سے زائد ہونے کے باوجود تلگو زبان سے ناانصافی کی گئی ۔ لیکن اب تلگو کے ساتھ اردو بھی ترقی کر رہی ہے ۔انہوں نے آج شام ایل بی اسٹیڈیم میں عالمی تلگو کانفرنس کا افتتاح کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ اس موقع پر چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر گورنر تلنگانہ و آندھراپردیش نرسمہن گورنر مہاراشٹرا ودیا ساگر راؤ کے علاوہ دوسرے قائدین شاعر ، ادیب اور دانشور موجود تھے ۔ نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ سارے تلگو عوام ایک ہیں ۔ تعلیم کے دوران ہی ان کی والدہ کا انتقال ہوگیا تھا تب سے وہ تلگو زبان کو ہی اپنی ماں تصور کرتے ہوئے اس کی خدمات انجام دے رہے ہیں ۔ وہ آندھرا میں پیدا ہوئے اور 25 سال تک وہیں تعلیم حاصل کی ہے ۔ گذشتہ 40 سال سے حیدرآباد میں قیام کئے ہوئے ہیں ۔ وینکیا نائیڈو نے تلگو داں افراد کو تلگو زبان پر فخر کرنے ہر کسی کو تلگو پڑھنے سیکھنے اور بات چیت کرنے کا مشورہ دیا تمام سرکاری سرگرمیاں تلگو زبان میں چلاتے ہوئے تلگو زبان کے تحفظ کے ساتھ اس کے استحکام کیلئے کام کرنے پر زور دیا ۔ نائب صدر جمہوریہ نے بتایا کہ دہلی کو کئی ممالک کے صدور آتے ہیں وہ سب اپنی زبان میں بات کرتے ہیں تمام لوگوں کو اپنی مادری زبان سے محبت ہے ۔ مگر تلگو والوں پر انگریزی کا بخار چڑھا ہوا ہے ۔ تلگو زبان کا ابھی سے تحفظ نہیں کیا گیا تو اس کا وجود خطرے میں پڑسکتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے دیگر ریاستوں میں تلگو عوام کیلئے تلگو اسکولس قائم کرانے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ تلگو زبان کے فروغ کیلئے حکومت اور تلگو اخبارات مل کر کام کریں ۔ چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ نے صدارتی تقریر کرتے ہوئے کہا کہ بچے کی پہلی درسگاہ ماں کی گود ہوتی ہے ۔ ایک بیٹے یا بیٹی کو مثالی بیٹا یا بیٹی بنانے میں ماں کااہم رول ہوتا ہے ۔ بچہ کے آنکھ کھولنے سے پہلی بولی بولنے تک اس کے کانوں میں تمام الفاظ مادری زبان کے ہی پڑھتے ہیں ۔ وہ جب چھوٹے تھے تو ان کی ماں نے ہی انہیں تلگو کے اچھے الفاظ سکھائے ۔ جب تعلیمی دور کا آغاز ہوا تو والد کا بھرپور ساتھ ملا اسکولس میں استادوں نے مادری زبان میں ہی درس دیا وہ مادری زبان کی قدر جانتے ہیں اس لئے تلنگانہ میں اول سے انٹرمیڈیٹ تک تلگو کو لازمی زبان پڑھنے کے احکامات جاری کرچکے ہیں ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ اس عالمی تلگو کانفرنس میں 42 ممالک سے 400 مندوبین نے شرکت کی ہے ۔

اس کے علاوہ ملک کے 17 ریاستوں اور ایک مرکز کے زیر انتظامیہ علاقہ سے کئی تلگوداں عوام شاعر ، دانشور ، ادیب بطور مہمان شریک ہوئے ہیں ۔ تلگو کے تحفظ اور فروغ کیلئے متحدہ طور پر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا ۔ گورنر تلنگانہ و آندھراپردیش نرسہمن نے تلگو کو میٹھی زبان قرار دیتے ہوئے تلگو عوام کو اپنی مادری زبان سے محبت کرنے کا مشورہ دیا ۔ تلنگانہ میں تلگو زبان کو فروغ دینے کیلئے حکومت تلنگانہ کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات کی ستائش کی ۔ عالمی تلگو کانفررنس میں شرکاء کی شرکت سے انہںے بے حد خوشی محسوس ہو رہی ہے ۔ ایسا لگ رہا ہے ۔ ان کے سامنے نانیا سے نارائن ریڈی تک بیٹھے ہوئے ہیں ۔ گورنر مہاراشٹرا ودیا ساگر راؤ نے کہا کہ تلگو زبان میں قیادت کی تمام نشانیاں موجود ہونے کا دعوی کرتے ہوئے تلگو زبان کی ترقی کیلئے کمیٹی تشکیل دینے کا مشورہ دیا اور ہر ایک کو اپنی مادری زبان میں ہی تعلیم حاصل کرنے پر زور دیا ۔ عالمی تلگوکانفرنس میں مدعو کرنے پر حکومت تلنگانہ سے اظہار تشکر کیا ۔

TOPPOPULARRECENT