Monday , November 20 2017
Home / کھیل کی خبریں / ماریہ شاراپوا کو غلطی کی سزا ملنی چاہیے:رافیل نڈال

ماریہ شاراپوا کو غلطی کی سزا ملنی چاہیے:رافیل نڈال

انڈین ویلز۔ 11 مارچ ۔ (سیاست ڈاٹ کام) ٹینس کے سابق عالمی نمبر ایک رافیل نڈال کا کہنا ہے کہ ماریہ شارپواکو اُن کی غلطی پر سزا ملنی چاہیے جبکہ عالمی نمبر ایک سرینا ولیمس سمیت دیگر خواتین ٹینس اسٹارز نے شاراپوا کے غلطی تسلیم کرنے کو جرات مندانہ قدم قرار دیتے ہوئے ہمدردی کا اظہار کیا۔  نڈال نے شاراپوا کے ڈوپنگ ٹیسٹ میں ناکامی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ’’انھیں سزا دی جانی چاہیے‘‘ تاہم انھوں نے کارکردگی بہتر بنانے کے لئے  دوا استعمال کرنے کے حوالے سے اپنے بارے میں پائی جانے والی افواہوں کو رد کیا۔ 14 دفعہ کے گرینڈ سلام چمپیئن کا کہنا تھا کہ ’’ میں کبھی بھی اس طرح کی غلطی کا مرتکب نہیں ہوا، میں ڈوپنگ سے بہت دور ہوں‘‘۔انھوں نے کہا کہ ’’میں مکمل طورپر صاف ستھرا لڑکا ہوں، میں نے اپنے کیرئر میں جب زخمی ہوا تو بہت محنت کی اور جلد واپسی کے لیے ممنوعہ ایسی کوئی چیز استعمال نہیں کی‘‘۔اسپینی اسٹار نے کہا کہ ’’مجھے کھیلوں اور اس کے اقدار پر یقین ہے، کھیل معاشرے کیلئے مثال ہیںاور اگر میں کچھ کرتا ہوں اور وہ غلط ہوتا ہے تو میں اپنے آپ سے جھوٹ بول رہا ہوں گا نہ کہ اپنے مخالفین سے‘‘۔شاراپوا دوسروں کو مثال بنانے کیلئے سزا کی مستحق ہے۔سابق عالمی نمبر ایک نے کہا کہ ’’میں اس پر یقین کرنا چاہتا ہوں کہ یہ ماریا کی غلطی ہے، وہ ایسا کرنا نہیں چاہتی تھی لیکن واضح طورپر یہ غفلت ہے جس کا خمیازہ اسے بھگتنا ہوگا‘‘۔دوسری جانب عالمی نمبر تین پولینڈ کی رڈوانسکا نے شیراپوا کے ڈوپنگ اسکینڈل کو ٹینس کیلئے افسوس ناک قرار دیا جبکہ چیک ری پبلک کی پیڑا کیویٹوا اور عالمی نمبر ایک سرینا ولیمس نے شاراپوا کو اپنی غلطی ماننے کو جرات مندانہ قرار دیتے ہوئے سراہا۔

TOPPOPULARRECENT